شاہ رخ خان بمقابلہ BJP: کون کس کے ساتھ  کھڑا ہے؟

شاہ رخ خان کی نئی فلم ’’پٹھان‘‘ ریلیز ہونے سے پہلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کی جانب سے اس کی مخالفت شروع ہونے کے بعد اب کچھ بھارتی اداکار بھی کنگ خان کی حمایت میں سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ شاہ رخ کی نئی فلم پٹھان کے ایک گانے میں اداکارہ دیپکا پڈوکون نے زعفرانی رنگ کا لباس پہنا ہے جس کو ایشو بنا کر بھارتیہ جنتا پارٹی اور آرایس ایس نے فلم کے بائیکاٹ کی کال دے دی ہے۔ انتہا پسند ہندوؤں کا موقف ہے کہ زعفرانی رنگ ہندو مذہب میں مقدس گردانا جاتا ہے اور اسے عریاں لباس کا حصہ بنا کر اسکی توہین کی گئی ہے۔

 

بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کی جانب سے شاہ رخ خان کی مخالفت کے بعد اب ہندو اداکارہ سوارا بھاسکر نے سامنے آتے ہوئے بھارتی سیاستدانوں کو کھری کھری سنا دی ہیں۔ سوارا بھاسکر نے اپنی ٹوئٹ میں دپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان کے گانے ’’بے شرم رنگ‘‘ پر بھارتی جنتا پارٹی کی جانب سے دی گئی دھمکی کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاندھی کے بھارت کو انتہا پسندوں کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ یاد رہے کہ بی جے پی کے رہنما اور مدھیا پردیش کے وزیر داخلہ ناروتم مِشرا نے دھمکی دی تھی کہ وہ شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی فلم ’پٹھان‘ کو ریلیز نہیں ہونے دیں گے جس کے ایک گانے میں دیپکا کو ہندوؤں کے مقدس زعفرانی رنگ کا لباس پہنا کر نیم عریاں دکھایا گیا ہے، مِشرا نے یہ بھی کہا کہ گانے میں شاہ رخ خان کو زعفرانی رنگ پہنی دیپکا کے جسم پر ہاتھ پھیرتے دکھایا گیا ہے۔

 

اداکارہ سوارا بھاسکر نے خبر کا سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ہندی میں سیاستدان پر تنقید کی اور لکھا کہ ہمارے سیاستدانوں کو اداکاراؤں کا لباس دیکھنے سے فرصت ملتی تو کچھ اور کام بھی کرتے، اداکارہ کی ٹوئٹ کو ہزاروں افراد نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی بات سے اتفاق کیا اور ان کی روشن خیالی کی تعریفیں بھی کیں۔ تاہم جہاں لوگوں نے ان کی بات سے اتفاق کیا، وہیں تنگ نظر افراد نے سوارا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، سوارا نے ایک اور ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بھی خبر ہوتی ہے کہ کس اداکارہ نے کون سے آئٹم سانگ میں کس طرح کے رنگ کا لباس پہنا۔  اداکارہ نے جس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا، اس میں صارف نے لکھا تھا کہ مجرم وزیر بن رہے ہیں لیکن اس حوالے سے کوئی خبر ہی نہیں دے رہا جب کہ اقتصادی ماہرین کا یاترا میں شامل ہونا ایک خبر ہے۔

 

خیال رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ آئندہ ماہ جنوری میں ریلیز ہوگی جس کا گانا ’’بے شرم‘‘ رنگ چند دن قبل ریلیز کیا گیا تھا، اسے دیکھنے کے بعد تنگ نظر ہندو سیخ پا ہوگئے اور اداکار کی فلم ’پٹھان‘ کے بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلانا شروع کر دیا جبکہ انتہاپسند جماعتوں نے بھی فلم پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر دیا۔

Back to top button