عاصم باجوہ آرمی چیف کے بھی انتہائی قابل اعتماد ساتھی ہیں

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ماہر قانون چوہدری اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ عاصم باجوہ آرمی چیف کے قابل اعتماد ساتھی ہیں. نئی میڈیا ٹیم کی کارکردگی کا کیا لیول ہوگا اس کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ شبلی فراز بڑے قابل آدمی ہیں جبکہ فردوس عاشق اعوان نے پوری طرح سے حکومت کا دفاع کیا۔وہ بڑے تردد کے ساتھ اطلاعات و نشریات کی وزارت چلا رہی تھی، وزارت میں تبدیلی بے وقت کی راگنی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جہاں تک عاصم باجوہ کا تعلق ہے تو وہ ڈی جی آئی ایس پی آر رہے ہیں۔انہیں میڈیا کا کافی تجربہ ہے اور وہ آرمی چیف کے بھی انتہائی قابل اعتماد شخص ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی موقع پر انہیں لے کر آنا بہت اہمیت رکھتا ہے۔عاصم باجوہ نے بڑے کلیدی عہدے سنبھال رکھے ہیں۔ اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ عاصم باجوہ پچھلی سیٹ پر بیٹھنے والے نہیں،اگلی سیٹ پر بیٹھتے ہیں۔اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں کورونا کے خلاف اب زیادہ تر رول جی ایچ کیو کا ہوگا کیونکہ بعض حلقے کہہ رہے ہیں کہ سخت لاک ڈاؤن کیا جائے،شبلی فراز اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے والے ہیں۔اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ فردوس عاشق اعوان کو سمجھ میں نہیں آیا کہ ان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی برطرفی پر اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پی ٹی آئی کا بروقت اور درست اقدام قراردیا ہے۔ محترمہ فردوس عاشق اعوان نے چونکہ دونوں اپوزیشن جماعتوں کے لئے مشکلات پیدا کر رکھی تھیں اور دونوں جماعتوں پر لفظی گولہ باری میں کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی تھیں اس لئے دونوں جماعتوں نے محترمہ فردوس عاشق اعوان کی برطرفی پر سکھ کا سانس لیا ہے۔
گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پی ٹی آئی نے اگر کوئی اچھا کام کیا ہے تو وہ آپا محترمہ فردوس عاشق اعوان کی رخصتی کا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہنواز رانجھا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پڑھے لکھے لوگوں کو یہ ذمہ داری دے کر اچھا فیصلہ کیا ہے جو کہ دلیل سے بات کر سکتے ہیں اور یہ عہدہ دلیل سے بات کرنے والوں کو ہی سوٹ کرتا ہے۔ ۔
