عاطف اسلم کے ڈیبیو ڈرامہ ’’سنگ ماہ‘‘ کے ٹیزر کی دھوم
معروف گلوکار و اداکار عاطف اسلم کے ڈیبیو ڈرامہ ’’سنگ ماہ ‘‘ کے ٹیزر نے ریلیز ہوتے ہی مداحوں کے دل جیت لیے ہیں اور۔ہر طرف دھوم مچا دی ہے۔ عاطف اسلم کے ڈرامے کے تھیم سونگ ’’معاملہ سنگین ہے‘‘ کو بھی شائقین کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
اس ٹیزر۔میں عاطف اسلم سمیت زاویار نعمان، کبریٰ خان، ہانیہ عامر اور ثانیہ سعید سمیت دیگر اداکاروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔ مختصر ٹیزر میں عاطف اسلم کو جہاں گلوکاری کرتے دکھایا گیا ہے، وہیں انہیں ایک قبائلی شخص کے روپ میں بھی دکھایا گیا ہے۔ درامے کے ٹیزر میں عاطف اسلم کو ’معاملہ سنگین ہے‘ گاتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ہانیہ عامر، کبریٰ خان اور زاویار نعمان سمیت دیگر اداکاروں کی جھلکیاں بھی دکھائی گئی ہیں۔
ٹیزر کو جاری کرتے ہوئے عندیہ دیا گیا کہ اس ڈرامے کو جلد نشر کیا جائے گا تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ڈرامے کے ٹیزر کو کبریٰ خان سمیت دیگر اداکاروں نے بھی شیئر کیا ہے۔ اس سے قبل 9 دسمبر کو ’سنگ ماہ‘ کے کرداروں کے پوسٹر جاری کیے گئے تھے اور عاطف اسلم کے کردار نے شائقین کے دل جیت لیے تھے۔’سنگ ماہ‘ کی دیگر کاسٹ میں نعمان اعجاز سمیت سامیہ ممتاز اور میکال ذوالفقار بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ۔اس ڈرامے کی ہدایات سیفی حسن دے رہے ہیں جنہوں نے ڈرامے کے پہلے سیزن یعنی ’سنگ مرمر‘ کی ہدایات بھی دی تھیں، سنگ ماہ‘ 2016 میں نشر ہونے والے ڈرامے ‘سنگِ مر مر’ کا سیکوئل ہے جس کی کہانی پاکستان کے قبائلی علاقہ جات کے خاندان اور وہاں کی رسم و رواج کے گرد گھومتی ہے جس کی وجہ سے شائقین نے اسے بہت سراہا تھا۔
