’’مس یونیورس‘‘ بننے والی بھارتی سکھ حسینہ کون ہے؟
بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ سکھ حسینہ ہرناز سندھو مس یونیورس 2021 منتخب ہوگئی ہیں، ہرناز نے اسرائیل میں منعقدہ مقابلے کے دوران پیرا گوئے اور جنوبی افریقہ کی حیسنائوں کو مات دے کر مس یونیورس کا تاج اپنے سر پر سجایا۔ بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق یہ انڈیا کے لیے ایک بڑا دن ہے کیونکہ پنجاب سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ ہرناز سندھو نے 70 ویں مس یونیورس ایونٹ کے موقع پر انڈیا کے لیے یہ اہم ترین ٹائٹل جیت لیا ہے۔ بھارت کو مس یونیورس کا ٹائٹل 21 سال بعد ملا ہے، اس سے پہلے سال 2000 میں یہ اعزاز بھارتی اداکارہ لارا دتہ کو حاصل ہوا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھارت سے تعلق رکھنے والی حسینایئں سشمیتا سین اور ایشوریہ رائے بھی مس یونیورس اور مس ورلڈ کے اعزازات جیت چکی ہیں۔
اسرائیل کے شہر ایلٹ میں منعقد ہونے والے مقابلے میں ہرناز سندھو کی جانب سے 2021 کا مس یونیورس کا اعزاز جیتنے سے پہلے 2020 میں مس یوینورس بننے والی اینڈریا میزا کا تعلق میکسیکو سے تھا۔ یہ مقابلہ دنیا بھر کے چینلز پر براہ راست نشر کیا گیا۔ ہرناز سندھو کے مقابلے میں پیراگوئے اور جنوبی افریقہ کی نمائندہ خواتین فرسٹ اور سیکنڈ رنرز اپ رہیں۔
اس سے پہلے مقابلے کے تیسرے راؤنڈ میں تینوں امیدوار خواتین سے یہ سوال پوچھا گیا کہ وہ یہ مقابلہ دیکھنے والی خواتین کو کیا مشورہ دیں گی؟ اس سوال کے جواب میں ہرناز سندھو کا کہنا تھا کہ اس وقت نوجوان نسل پر سب سے بڑا پریشر خود پر اعتماد کرنے کے حوالے سے ہے، یہ جانیں کہ آپ کس قدر منفرد ہیں اور آپ کو کیا چیز خوبصورت بنا سکتی ہے۔
ہرناز نے کہا کہ دوسروں کے ساتھ اپنا موازنہ کرنا بند کر دیں، خدشات سے باہر نکلیں، اور اپنے لیے بولیں کیونکہ آپ ہی اپنی زندگی کی ڈرائیور ہیں۔ اہرناز سندھو کے مطابق میں نے خود پر اعتماد کیا اور آگے بڑھتی رہی اور یہی وجہ ہے کہ آج میں یہاں کھڑی ہوں۔
