عالمی بحران کے باوجود پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عالمی بحران کے باوجود ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے ، کوئی حکومت یہ نہیں چاہتی ہے کہ اس کے دور میں مہنگائی ہو۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے ساتھ ہیں لیکن دنیا کو بھی اس مسئلے میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔
شیخ رشید نے بتایا کہ عمران خان اپنی پوری کوششیں کررہا ہے کہ ایک سال کے اندر مہنگائی کو ختم کر دیا جائے ، کنویں کے مینڈکوں کی سیاست کا وقت ختم ہو گیا، اب گہرے پانیوں کی سیاست ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی ہے لیکن یہ دیکھیں کہ کرونا ہوا، قرضوں کی قسطیں ادا کی گئیں، ملک کے سب سے بڑے چور منہ صاف کر کے وکٹری کا نشان بنا کر دوبارہ آ گئے ہیں، اس ملک میں بینک ڈکیت کی ضمانت ہوجاتی ہے لیکن جو فون چوری کرے وہ 6، 6 سال جیلوں میں پڑا رہتا ہے کیوں اس کی ضمانت دینے والا کوئی نہیں ہوتا۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ایک سال کا سارا مسئلہ ہے، اگر اپوزیشن نے کسی سیاسی گڑھے میں گرنا ہے تو اللہ اس ملک اور قوم کی حالت پر رحم کرے۔
