عمران خان ملک کیلئےسکیورٹی رسک ہے

وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ملک کیلئے سکیورٹی رسک ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم ایک ایجنڈے کے تحت حکومت میں آئے، ہمارے آئینی اداروں نے واشگاف الفاظ میں یہ بات کی کہ آئین ملک کی مقدس دستاویز ہے اور پارلیمنٹ سمیت تمام ادارے اپنی اپنی آئینی ذمہ داریاں انجام دیں گے، ہم نے آئینی طریقے سے ایک وزیراعظم کو ہٹایا کسی کو کوئی ٹیلی فون نہیں آیا۔

انہوں نے کہا عمران خان کا تکبر اور اپنے ارکان، اتحادیوں کے ساتھ توہین آمیز رویہ ہمارے لیے مددگار ثابت ہوا، عمران خان نےاپنی تقریروں میں اپنے کسی کارنامے کا ذکر نہیں کیا صرف اور صرف گالیاں دے رہے ہیں، عمران خان کو بتانا چاہیے تھا کہ انہوں نے 50 لاکھ گھر بنا لیے ہیں اور 200 ارب ڈالر لاکر قرض خواہوں کے منہ پر مارے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا عمران خان نے عوام کا کوئی دکھ اور درد بانٹا ہے تو اس کا ذکر کرتے، عمران خان کے وزرا نے چینی، آٹا ، ادویات اور ٹرانسفرز تبادلوں میں کمائی کی ہے، ہمارے نومنتخب وزیراعظم 14 سے 15 ماہ کے لیے آئے ہیں، ہر قدم آئین اور قانون کے مطابق اٹھائیں گے، ان کا کوئی بھی اقدام ذاتی پسند اور ناپسند کے تحت نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا یہ ایوان آئین پر عمل کرنا چاہتا ہے لیکن عمران خان رکاوٹ بننے کی کوشش کر رہا ہے، ماضی میں اقتدار کے لیے مذہب کارڈ، امریکا مخالف ، پاک-بھارت روایتی دشمنی کے کارڈ استعال کیے گئے، اس شخص نے یہ تمام کارڈ استعمال کیے ہیں، پاکستانی سیاسی تاریخ کا یہ بڑا میر جعفر اور میر صادق ہے،افواج پاکستان ملکی دفاع کی ضامن ہیں، اس نے مذہب، سیاست اور اخلاق کو بگاڑا، اس نے قومی سلامتی کے ادارے میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کی۔

انکا کہناتھا وہ جلسوں کے لیے سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں، اسے نہ تو شرم آتی ہے نہ حیا آتی ہے، عمران خان اور ان کے عزیز و اقارب اور ساتھیوں کی کرپشن کی داستانیں موجود ہیں، چوری کا مال ایمنسٹی سکیم کے ذریعے حلال کیا،ہمیں پارلیمنٹ سمیت تمام آئینی اداروں کا وقار بحال رکھنا ہے، پی ٹی آئی نے وفاق اور پنجاب میں آئین کی خلاف ورزی کی، مسجد نبوی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے گالیاں دیں ہمیں آئندہ چند ماہ میں چار سال کی تباہی کا ازالہ کرنا ہوگا۔

خواجہ آصف نے کہا عمران خان اقتدار کے لئے منتیں ترلے کرتے رہے اور گالیاں دیتے رہے، اداروں کی تقسیم و توہین کسی صورت نہیں ہونی چاہیے، سب مل کر آئین اور آئینی اداروں کا دفاع کریں گے،عمران خان انا پرست اور بیماری ہے، اقتدار کا آنا جانا عارضی چیز ہے، یہ حکومت امپورٹڈ نہیں ہے، عمران خان امپورٹڈ ہے، ہم پر غداری کے جھوٹے مقدمات بنائے گئے لیکن یہ پاکستان کے لیے سکیورٹی رسک ہے۔

Back to top button