عمران خان نے نئے آرمی چیف سے امیدیں باندھ لیں

تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کو شک کا فائدہ دینا چاہتا ہوں ، ہمارے دور میں جنرل (ر) باجوہ کی عزت تھی اب وہ سڑک پر نہیں نکل سکتے، آرمی چیف کی طرف سے کوئی پیغام آئے گا تو بتاؤں گا،نوازشریف چاہتےہیں کہ عمران خان نااہل ہوں اور یوں لگ رہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوگی۔

غیرملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے زمان پارک لاہور میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ عوام نے رجیم چینج کو قبول نہیں کیا، ایسےلوگوں کوپنجاب میں لایاجارہاہے جو 25 مئی کے واقعات میں ملوث تھے، یوں لگ رہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوگی۔ کیا کوئی وجہ بتائےگا کہ کیوں ڈالراور پیٹرول سو سو روپے مہنگا ہورہاہے؟

انہوں نے کہا  ایسی انتقامی کارروائیاں پہلے کبھی نہیں دیکھیں، یوں لگتا ہے ابھی بھی جنرل باجوہ کی پالیسی چل رہی ہے، جب قانون کی عمل داری ہوگی تو ملک آگے جائے گا، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے لابنگ کرکے حسین حقانی اور دوسرے لوگوں کو رکھوایا، یہ لوگ امریکا میں میرے خلاف لابنگ کرتے تھے، مانتا ہوں کہ باجوہ کوایکسٹینشن دینا بہت بڑی غلطی تھی، نئے آرمی چیف کو شک کا فائدہ دینا چاہتا ہوں ، ہمارے دور میں جنرل (ر) باجوہ کی عزت تھی اب وہ سڑک پر نہیں نکل سکتے، آرمی چیف کی طرف سے کوئی پیغام آئے گا تو بتاؤں گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حکومت توشہ خانہ میں پھنس گئی ہے، عدالت نے توشہ خانہ کی تفصیل مانگی جو نہیں ملی، نوازشریف چاہتے ہیں کہ عمران خان نااہل ہوں، جیل بھرو تحریک پرامن احتجاج ہے، ہمارے پاس دوسرا راستہ احتجاج ہے، دو ہفتوں میں صحت یاب ہوجاؤں گا، جیل بھرو تحریک پورے ملک سے شروع کریں گے، ہم دہشت گردی کے متحمل نہیں ہوسکتے، افغان طالبان پاکستان مخالف نہیں، ہم حکومت کی جانب سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں جانے کیلئے سوچ بچار کررہے ہیں۔

بعد ازاں سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے قتل کا ٹاسک دیے جانے کا دعویٰ کردیا،عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔

باخبر ذرائع کے مطابق عمران خان نے دعویٰ کیا کہ مجھے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، مجھے قتل کرنے کے لیے جنوبی وزیرستان کے علاقے سے دو لوگوں کو ٹاسک دیا گیا ہے، انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ مجھے قتل کرنے کے لیے دونوں پیشہ ور قاتلوں کو رقم بھی ادا کی گئی ہے، میرے پاس اس منصوبے کے تمام ثبوت موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھاکہ عمران خان نے بتایا کہ پہلے بھی کہا تھا مجھے جنونی شخص کے ذریعے قتل کا منصوبہ بنایا گیا ہے، تین شوٹرز کے ذریعے حملہ کروا کر جان سے مارنے کی کوشش کی گئی، جے آئی ٹی نے تفتیش کر کے تین حملہ آوروں کی رپورٹ دی۔ یہ جتنا مرضی کوشش کر لیں مجھ پر دباو نہیں ڈال سکتے۔

Back to top button