عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کیخلاف اپیل دائر

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں سزا کیخلاف اپیل دائر کر دی ہے، عدالت کی جانب سے درخواست کو سماعت نمبر بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔
اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے، مرکزی اپیل پر فیصلے تک سزا معطل کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کاحکم دیا جائے اور سزا کالعدم قراردیا جائے۔
5 اگست کو ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا تھا۔ گزشتہ روز اٹک جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ان کے وکیل نعیم حیدر کی ملاقات کرائی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد نعیم حیدرپنجوتھہ کا کہنا تھاکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ انہیں سی کلاس میں رکھا ہواہے، چھوٹا سا کمرہ دیا گیاہے جس میں اوپن واش روم ہے، عمران خان کو دیے گئے کمرے میں دن کو مکھیاں اور رات کو کیڑے ہوتے ہیں۔
