عمران کو سازش کرتے وقت قائداعظم کا فرمان یاد کیوں نہ آیا؟

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں افسران کے ساتھ مل کر سازش کرتے وقت قائد اعظمؒ کا فرمان یاد نہیں آیا؟۔
ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی کے فوج سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ آپ کی یادداشت 2018ء تک نہیں جاتی؟ جب آپ نے چند افسران کے ساتھ مل کر نواز شریف کے خلاف سازش کی،عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا،ان افسران کو متنازع بنایا اور ان کے مستقبل تباہ کیے؟، قائد اعظم کا یہ فرمان اُس وقت یاد نہیں آیا؟ آپ کی سیاست آپ کے ہاتھ، آنکھیں اور کانوں کی رخصتی کے ساتھ دفن ہو گئی۔
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ آپ کی یادداشت محدود ہے لیکن لوگوں کی نہیں۔ آپ اسٹیبلشمنٹ کے کچھ عناصر کے ساتھ ساز باز کرتے ہیں، وہ آپ کو پالتے اور کھلاتے ہیں۔ اب آپ ان سے غیر آئینی مداخلت کی بھیک مانگتے ہیں اور جب اس سے انکار کیا جاتا ہے تو آپ انہیں غدار قرار دیتے ہیں۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے مزید سوالیہ انداز میں پوچھا کہ کیا آپ اعتماد کی کمی سے متعلق بات کرنے کا حق رکھتے ہیں؟ آپ لوگوں کو بے وقوف سمجھتے ہیں؟۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے نئی فوجی قیادت کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امید ہے نئی عسکری قیادت اعتماد کی کمی کے خاتمے کی کوشش کرے گی۔
