عمران ہاشمی اور سنی لیونی کا جوان بیٹا منظر عام پر آگیا

بالی ووڈ سے وابستہ شخصیات کے تعاقب میں خبریں ہر وقت رہتی ہیں اب بالی ووڈ کے رومانٹک ہیرو اور ‘سیریئل کِسر’ کے نام سے مشہور عمران ہاشمی اور بولڈ اداکارہ سنی لیونی کا جوان بیٹا منظر عام پر آگیا ہے۔ اب ان دونوں کا یہ امیج تھا یا پھر ان کے ایک نوجوان مداح کی ان کےلیے محبت، کہ انہوں نے اپنے کالج کے ایڈمٹ کارڈ پر والد کی جگہ عمران ہاشمی کا نام لکھوا دیا۔ جب اس کارڈ کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تو یونیورسٹی کا عملہ حیران ہو گیا۔ بہار کے اس بیس سالہ منچلے نوجوان نے کارڈ پر ماں کی جگہ سنی لیونی کا نام لکھوایا تھا۔ جب یہ پوسٹ وائرل ہوئی تو عمران ہاشمی نے اس سے متعلق آرٹیکل کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے جواب میں لکھا ’قسم خدا کی یہ میرا بچہ نہیں ہے۔‘ سوشل میڈیا پر لوگ اس پوسٹ پر طرح، طرح کے کمنٹس کے ساتھ خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
اب بات کرتے ہیں بالی ووڈ کی بیبو کرینہ کپور اور سیف علی خان کی کہ ان کے دوسرے بچے کا نام کیا ہوگا، اس بارے میں خود کرینہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ابھی تک کچھ نہیں سوچا۔ وہ یہ فیصلہ ’بچے کی پیدایش کے بعد ہی کریں گے۔‘ لگتا ہے تیمور کی پیدائش کے بعد ان کے نام پر جو تنازع کھڑا ہوا تھا وہ ابھی تک ان کے ذہن میں تازہ ہے۔ اسی حوالے سے ریئلٹی شو ’واٹ ومن وانٹ‘ میں اداکارہ نیہا دھوپیا سے بات کرتے ہوئے کرینہ کا کہنا تھا کہ تیمور کے نام پر جو ہنگامہ ہوا تھا اس کے بعد سیف اور انہوں نے طے کیا کہ ہم نام بچے کی پیدائش کے بعد ہی طے کریں گے۔ اس تمام ہنگامے کے کچھ عرصے بعد سیف علی خان نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہوں نے تیمور کا نام تبدیل کرنے کے بارے میں سوچا تھا لیکن کرینہ اس کے حق میں نہیں تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ آپ کے نظریے یا رائے کا احترام کرتے ہیں، نام کا نہیں۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ تیمور کے نام پر ان کے والدین کو جتنا ٹرول کیا گیا تھا، تیمور نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر اس سے کہیں زیادہ محبت اور شہرت حاصل کی ہے۔ کسی نے ٹھیک ہی کہا ہے کہ ‘نام میں کیا رکھا ہے۔’
اب بات کرتے ہیں فردین خان کی جو کافی عرصے بعد ایک بار پھر خبروں میں ہیں اور اس بار بھی ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں۔ کچھ عرصہ قبل فردین خان کی کچھ تصاویر پر لوگوں نے انہیں کافی ٹرول کیا تھا جس میں ان کا وزن بڑھا ہوا تھا لیکن اس بار ان کی جو تصاویر منظر عام پر آئی ہیں، اس میں فردین اپنے پہلے روپ میں نظر آئے اور وہ کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش جھابڑہ کے دفتر سے باہر نکل رہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی فلموں میں ان کی واپسی کی خبریں پھیلنے لگیں۔ فردین آخری بار 2010 میں فلم دلہا مل گیا میں نظر آئے تھے۔ فردین کا کہنا تھا کہ وہ کچھ عرصے کےلیے لندن چلے گئے تھے، اپنی فیملی پر توجہ دینا چاہتے تھے لیکن انہیں اندازا نہیں تھا کہ انڈسٹری سے ان کا یہ بریک اتنا طویل ہو جائے گا۔ 1998 میں فلم پریم اگن سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے فردین نے ’جانشین‘، ’جنگل‘، ’نو اینٹری‘ اور ’ہے بیبی‘ جیسی فلموں میں کام کیا۔
