عمر شریف ائیرایمبولینس کے ذریعے امریکہ روانہ
معروف کامیڈین عمر شریف علاج کے لیے ائیر ایمبولینس کے ذریعے کراچی سے امریکہ روانہ ہوگئے ہیں ، عمر شریف کی اہلیہ زریں غزل بھی ایمبولینس میں ان کے ساتھ موجود ہیں جبکہ اہلخانہ کے تین افراد کمرشل فلائٹ کے ذریعے امریکہ جائیں گے ۔
معروف کامیڈین عمر شریف عارضہ قلب اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں اور کئی ہفتوں سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ، سندھ حکومت کی جانب سے عمر شریف کے علاج کے لیے چار کروڑ کی خطیر رقم مختص کی ہے ۔
معروف کامیڈین کو علاج کے لیے امریکی دارالحکومت واشنگٹن لے جایا جا رہا ہے جہاں پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب نے ان کے علاج کے لیے جارج واشنگٹن یونیورسٹی ہسپتال میں علاج کے لیے انتظامات کر رکھے ہیں۔
عمر شریف کی امریکا منتقلی اور اہل خانہ کے ویزوں کے لیے بھی ڈاکٹر طارق شہاب نے ہی تگ و دو کی ہے، عمر شریف کو لینے کے لیے ائیر ایمبولینس پیر کی دوپہر منیلا سے پاکستان پہنچی تھی۔ائیر ایمبولینس کی پرواز ائی ایف اے 1264 نے آج کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دوپہر کو ٹیک آف کیا۔
ائیر ایمبولینس طیارہ تین مختلف ملکوں میں اسٹاف اوور کرتے ہوئے امریکا پہنچے گا۔قبل ازیں ائیرپورٹ راونگی سے قبل ڈاکٹروں کی ٹیم کی جانب سے عمر شریف کو سفر کے لیے فٹ قرار دیا گیا تھا۔
معروف کامیڈین عمر شریف کے بڑے صاحبزادے جواد شریف نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایئر ایمبولینس میں ان کے والد کے ساتھ صرف ان کی سوتیلی والدہ روانہ ہو رہی ہیں ۔معروف کامیڈین 28 ستمبر کی دوپہر 12 بجے کے بعد کراچی ایئرپورٹ سے کینیڈین ایئر ایمبولینس کی پرواز آئی ایف اے 1264 کے ذریعے امریکا روانہ ہوئے تھے۔
جواد عمر نے والد کی روانگی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ، ان کی والدہ اور ان کے چھوٹے بھائی فواد عمر آج ہی نجی پرواز کے ذریعے امریکا جائیں گے۔ایئر ایمبولینس میں جگہ کی کمی کے باعث صرف ان کی سوتیلی والدہ زرین غزل ہی والد کے ہمراہ سفر کر رہی ہیں۔
