معروف کامیڈین عمر شریف جرمنی میں انتقال کرگئے

معروف کامیڈین عمر شریف جرمنی کے ہسپتال میں انتقال کر گئے ، کراچی سے امریکہ روانگی کے دوران نمونیہ ہونے پر ائیرایمبولینس نے جرمنی میں لینڈنگ کی اور جرمنی کے مقامی ہسپتال میں عمر شریف کا علاج کیا جا رہا تھا۔
معروف کامیڈین کی موت کی خاندانی ذرائع نے تصدیق کر دی ہے ، معروف پاکستانی اداکار عمر شریف کو دل کے آپریشن کے لیے پاکستان سے ائیرایمبولینس کے ذریعے امریکہ منتقل کیا جا رہا تھا ، کراچی ائیرپورٹ سے ائیرایمبولینس میں عمر شریف کو امریکہ کے لیے روانہ کیا گیا تھا لیکن راستے میں نمونیہ ہونے پر ائیرایمبولینس نے جرمنی میں لینڈ کیا۔
عمر شریف کا جرمنی کے مقامی ہسپتال میںعلاج جاری تھا کہ وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ، سینکڑوں افراد کے چہروں پر ہنسی بکھیرنے والی شخصیت آج سب کو غمزدہ کر گئی ہے ، عمر شریف 19 اپریل 1955 میں کراچی میں پیدا ہوئے ، 14 برس کی عمر میں انھوں 1974 میں سٹیج اداکاری سے کیرئیر کا آغاز کیا اور پھر 1989 میں معروف سٹیج ڈرامے بکرا قسطوں پر اور بڈھا گھر پے ہے سے عوام میں خوب مقبولیت حاصل کی۔
عمر شریف نے اکتوبر 2009 میں ٹی وی پر کام کا آغاز کرتے ہوئے نجی ٹی وی سے دی شریف شو کے نام سے ایک پروگرام کی میزبانی شروع کی جس کو عوام میں بہت پسند کیا گیا ، اس کے علاوہ وہ مقبول بھارتی میوزک پروگرام دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج میں نوجوت سنگھ سدھو اور شیکھر سمن کے ساتھ جج کے فرائض بھی انجام دیئے۔
2006 میں مرحوم نے خیراتی کاموں کے لیے دی عمر شریف ویلیفئر کے نام سے امدادی تنظیم کی بھی تشکیل کی تھی ، 1992 میں ڈرامہ 420 کے لیے انہیں بہترین ڈائریکٹر اور بہترین اداکار کی کیٹیگری میں نیشنل ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ، عمر شریف کی وفات پر وزیراعظم عمران خان ، صدر ڈاکٹر عارف علوی سمیت سیاسی اور شوبز شخصیات نے گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اداکار قوی خان نے کہا کہ یقین نہیں تھا کہ عمر شریف اتنی جلدی ہم سب کو چھوڑ جائیںگے ، معروف کامیڈین سہیل احمد نے کہا کہ عمر شریف نے فن کے ذریعے پاکستان کی شناخت کرائی ، مصطفی قریشی ، غلام محی الدین ، اداکارہ ، میرا ، ریما ، ریمبو ، اداکار شان اور دیگر اداکاروں نے بھی لیجنڈ کی وفات پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بھارتی فنکاروں کپل شرما ، گلوکار دلیر مہندی سمیت دیگر فنکاروں نے سوشل میڈیا پر عمر شریف کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں ان کا خلا کبھی پورا نہیں ہو پائے گا۔
