عمر شریف نے علاج کیلئے حکومت سے مدد نہیں مانگی

لاکھوں چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے کامیڈی کنگ عمر شریف کے خاندان نے وضاحت کی ہے کہ انہوں نے علاج کے لیے وزیراعظم سے مالی مدد نہیں مانگی بلکہ صرف امریکہ کے ویزے کے حصول میں معاونت طلب کی تھی تاکہ وہاں ان کا بہتر علاج کروایا جا سکے۔
عمر شریف کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ پر کی جانے والی وضاحتی پوسٹ میں عمر کی اہلیہ زرین غزل اور بیٹے جواد عمر نے لکھا ہے کہ انہوں نے حکومت سے صرف ویزے کے لیے مدد مانگی ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا کہ عمر شریف نے اپنے ویڈیو پیغام میں حکومت یا کسی اور ادارے سے مالی مدد نہیں مانگی بلکہ جلد سے جلد علاج کے لیے بیرون ملک سفر کے لیے ویزا دلوانے میں مدد طلب کی تھی۔ اس پوسٹ میں وسیم بادامی، شاہد آفریدی اور امریکا کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب اور سفیر بٹ کا بھی شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ پوسٹ میں بتایا گیا کہ حکومتی نمائندے اور دیگر لوگ عمر شریف کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے اداکار کے علاج کے لیے بیرون ملک جلد سے جلد منتقلی کے حوالے سے تمام اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
پوسٹ میں عمر شریف کی صحت کے حوالے سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی تاہم اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ ان کے لیے اگلے 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔ عمر شریف کی صحت کے حوالے سے 10 ستمبر کو ہی فیس بک پر کی جانے والی ان کی اہلیہ زرین غزل سے منسوب پوسٹ میں مداحوں سے دعا کی اپیل بھی کی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ اداکار کی صحت کے لیے اگلے 24 گھنٹے اہم ہیں۔ اس سے قبل وسیم بادامی نے اپنے شو میں وزیراعظم عمران خان سے عمر شریف کے علاج میں مدد کی اپیل کی تھی۔ بادامی نے اپنے پروگرام الیونتھ آور میں عمر شریف کا خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔ عمر شریف کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا کہ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ مجھے بہتر علاج کے لیے بیرونِ ملک جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ میری قسمت میں تھا کہ میں نے عمران خان کے شوکت خانم کینسر ہسپتال بنانے میں مدد کی۔ انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب میں عمر شریف، وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مخاطب ہوں، عمران نے جب بھی کوئی کام شروع کیا، پہلے مجھے فون کیا، میں نے ہمیشہ ان کی آواز پر لبیک کہا ہے، اسی لیے مجھے یقین ہے کہ وہ بھی اب میری آواز پر لبیک کہیں گے۔ عمر شریف نے واضح طور پر وزیراعظم یا حکومت سے مالی مدد نہیں مانگی تھی۔ اب ان کے اہل خانہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ انہوں نے صرف ویزا سہولیات سے متعلق حکومت سے مدد طلب کی ہے۔
معروف کامیڈین کی صحت کے حوالے سے گزشتہ ماہ اگست کے آخر میں اس وقت افواہیں پھیلنا شروع ہوئی تھیں جب سوشل میڈیا پر ان کے نام سے منسوب ایک اکاؤنٹ سے عمر شریف کی ویل چیئر پر بظاہر بیمار حالت کی تصویر شیئر کی گئی تھی۔ بعدازاں 4 اور 5 ستمبر کو سوشل میڈیا پر ان کی انتقال کی افواہیں گردش کر رہی تھیں جن پر ان کے اہل خانہ نے برہمی کا اظہار کیا تھا اور ان کی خیریت کی تصدیق کی تھی۔
5 ستمبر کو ہی اداکار فیصل قریشی نے بھی تصدیق کی تھی کہ عمر شریف روبہ صحت ہیں اور یہ بھی بتایا تھا کہ اداکار ہسپتال میں ہیں۔
ابتدائی طور پر تو عمر شریف کے اہل خانہ نے ان کی بیماری سے متعلق بھی تصدیق نہیں کی تھی تاہم فیصل قریشی کی جانب سے اداکار کے ہسپتال میں داخل ہونے کی اطلاع دیے جانے کے بعد اہل خانہ نے تسلیم کیا کہ وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔اب عمر شریف کے اہل خانہ نے تصدیق کی ہے کہ اداکار عارضہ قلب میں مبتلا ہیں تاہم اس ضمن میں واضح تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ماضی میں بھی عمر شریف کے بیمار ہونے کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں اور 2017 میں بھی ان کی ہسپتال کے بسترے پر کھینچی گئی تصویر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد ان کے اہلخانہ نے وضاحت بھی جاری کی تھی۔ ان کے اہلخانہ نے 2017 میں بتایا تھا کہ اداکار کو سینے میں معمولی انفیکشن ہوگیا تھا جب کہ ان سے متعلق خبریں پھیلائی گئی تھیں کہ وہ کینسر کا شکار ہوگئے جب کہ بعض سوشل میڈیا پیجز پر ان کے انتقال کی افواہیں پھیلائی گئی تھیں۔
یاد رہے کہ عمر شریف ٹی وی، سٹیج ایکٹر، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں انہوں نے سٹیج و تھیٹر نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونِ ملک بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔
