عوام کی تقدیر بدلنے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کی تقدیر بدلنے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے ،عوام وعدہ کریں، 17 جولائی کو پنجاب کے دشمنوں کو اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔

پنجاب کے 20 حلقوں میں 17جولائی کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں جھنگ اٹھارہ ہزاری میں جلسے عام سے خطاب میں مریم نواز نے کہا جھنگ کی عوام نے اپنی محبتیں نچھاور کر کے میرے دل جیت لیے، آپ جانتے ہو نہ شہباز شریف کو مشکل فیصلہ کس وجہ سے کرنا پڑا، آئی ایم ایف سے کیے معاہدے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانا پڑیں، جو مشکل فیصلے ہونے تھے ہو گئے اب روز اچھی خبریں آئینگی، آج شہباز شریف نے سمری منگوا لی، اگلے دو دن میں شہباز شریف پٹرول سستا کرنے کا اعلان کرینگے۔

انہوں نے کہاپنجاب میں کوئی خوشحالی لائے تو وہ نواز شریف لائے گا۔ کہتا ہے کہ انہوں نے اپنی نسلیں تیار کر رکھی ہیں، ہاں خدمت کے لیے نسلوں کی نسلیں تیار ہیں ، حمزہ شہباز نے پنجاب والوں کو سو یونٹ مفت بجلی دیئے مگر عمران اس کے خلاف عدالت چلا گیا۔

مریم نواز نے کہا نواز شریف نے سی پیک بنایا عمران خان نے پنجاب میں جی پیک بنوایا، پنجاب کا پیسہ لوٹ کر بنی گالہ پہنچایا گیا، مفت بجلی آتی ہے عمران خان روتا ہے، پنجاب تمہیں ووٹ نہیں دے گا، اب رو رہا ہے آج کہہ رہا تھا دھاندلا ہوا ہے، پنجاب پر بشریٰ بی بی کا جادو ٹونا نہیں چلے گا۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا سترہ جولائی کو پنجاب میں جیتیں گے شیر دھاڑے گا، فتنہ خان تم نے ملک کو سری لنکا بنانے کی پوری تیاری کی، اس کی ذہنی حالت پر مجھے ترس آتا ہے۔اگلا پورا سال جھنگ کی خدمت جی جان سے کریں گے۔

دریں اثنا گوجرہ موڑ پر جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہابارش اور حبس کے باوجود کارکنوں کی کثیر تعداد میں شرکت پر خوشی ہوئی، پارٹی کارکنوں کی شرکت اور شہریوں کا جم غفیر نواز شریف سے محبت کی عکاسی ہے، مشکل وقت گزر چکا، آنے والا وقت عوام کے لیے خوشخبریاں لائے گا۔

مریم نواز نے کہا انشاء اللہ 17 جولائی کو ایک مرتبہ پھر شیر آ رہا ہے، مسلم لیگ ن کا مقابلہ عمران خان سے نہیں، نااہلی، مہنگائی اور پنجاب دشمنی سے ہے، مہنگائی کم کرنی ہے، پنجاب اور کسان کو ترقی دینی ہے تو ن لیگ کو ووٹ دینا ہے، عوام وعدہ کریں، 17 جولائی کو پنجاب کے دشمنوں کو اٹھا کر باہر پھینکیں گے۔

Back to top button