غیر ملکی شہریت رکھنے والے وزیراور مشیر استعفیٰ دیں: ن لیگ

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ عمران صاحب غیر ملکی شہریت رکھنے والے اپنے مشیروں، وزیروں سے استعفیٰ لیں۔
مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران صاحب آپ نے کہا تھا کہ دوہری شہریت ہو اوریہاں وزیر بھی ہوں یہ نہیں ہوسکتا، آپ نے کہا تھا یہ نہیں ہوسکتا کہ دوہری شہریت بھی ہو اور وہ ملک کے مستقبل کے فیصلے بھی کریں۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا عمران صاحب آپ نے کہا تھا کہ جس کے پاس دوسرے ملک کا پاسپورٹ ہو اسے پارلیمان میں نہیں بیٹھنا چاہیے، اب دوہری شہریت رکھنے والوں کو 22 کروڑعوام کی قسمت کے فیصلے کیوں کرنے دے رہے ہیں؟ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عمران صاحب آج غیر ملکی پاسپورٹ والوں کو کابینہ میں کیوں بٹھا رکھا ہے؟ جن کا پاکستان میں کچھ نہیں انہیں آج اپنی کابینہ میں بٹھا کرکیوں فیصلے کرا رہے ہیں؟انہوں نے کہا کہ ملک پر غیر ملکی ٹولہ مسلط ہونے کی وجہ سے عوام بیروزگاری، معاشی تباہی اور بھوک میں مبتلا ہیں، سب فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کی پیداوار مشیروں اور وزیروں کا ٹولہ ہے جو تحفے میں عمران صاحب کو ملا ہے۔
خیال رہے کہ کابینہ ڈویژن نے وزیراعظم کے 20 مشیروں اور معاونین خصوصی کے اثاثوں اور دوہری شہریت کی تفصیلات جاری کردی ہیں.
کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر جاری نوٹیفکیشن سے معلوم ہوتا ہے کہ کابینہ کے 19 غیرمنتخب اراکین میں سے وزیراعظم کے 7 معاونین خصوصی دوہری شہریت کے حامل ہیں۔جن میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور شہباز گِل (امریکا)، معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر (امریکا)، معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری (برطانیہ)، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف (امریکا)، معاون خصوصی برائے توانائی ڈویژن شہزاد قاسم (امریکا)، معاون خصوصی برائے پارلیمانی کوآرڈینیشن ندیم افضل گوندل (کینیڈا) اور معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایس ایدروس (کینیڈا اور سنگاپور) کی شہریت کے حامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button