نواب شاہ: مسافر کوچ اور ٹرالر میں ٹکر، 6 مسافر جاں بحق، 30 زخمی

نواب شاہ کے قریب قاضی احمد میں قومی شاہراہ پر مسافر کوچ اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں 6 مسافر جاں بحق ہو گئے۔
نواب شاہ کے قریب قومی شاہراہ پر قاضی احمد بائی پاس چوک پر کراچی آنے والی مسافر کوچ ٹرالر کو اوور ٹیک کرتے ہوئے ٹکرا کر الٹ گئی ۔ جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال نواب شاہ منتقل کیا گیا جہاں مزید 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم چند زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں پیپلز میڈیکل کالج و اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ مانسہرہ سے کراچی جارہی تھی۔ جاں بحق ہونے والوں میں مسافر کوچ کا ڈرائیور بھی شامل ہے جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
