فاسٹ بائولر شاہین آفریدی کا ڈیزائننگ میں قسمت آزمائی کا فیصلہ

اپنی دھواں دار گیندوں سے حریف بلے بازوں کی وکٹیں اُڑانے والے قومی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے اب ڈیزائننگ میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانا شروع کر دیئے ہیں، فاسٹ بائولر آج کل لاہور قلندر کی نئی کٹ ڈیزائن کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔
جی ہاں! پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے اپنی فرنچائز لاہور قلندرز کی نئی کٹ وہ خود ڈیزائن کر رہے ہیں، لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کی نئی کِٹ تیار کر رہے ہیں، جس طرح وہ وکٹ اُڑاتے ہیں، ان کا کِٹ ڈیزائن بھی سب کے ہوش اُڑا دے گا، اُمید ہے کہ مداحوں کو نیا ڈیزائن پسند آئے گا۔
ایسا لگتا ہے کہ 2023 شاہین شاہ آفریدی کیلئے بہترین ثابت ہوگا، وہ نہ صرف لاہور قلندرز کی کٹ کا ڈیزائن رواں ماہ متعارف کروانے جا رہے ہیں بلکہ ان کی شادی شاہد آفریدی کی بیٹی انشا کے ساتھ بھی طے ہے، آفریدی فیملی کے قریبی ذرائع کے مطابق دونوں کی شادی 3 فروری کو کراچی میں ہوگی۔
ممکنہ طور پر شاہین شاہ آفریدی اپنے سُسر شاہد آفریدی کے نقش قدم پر چلنے کو ترجیح دے رہے ہیں، شاہد آفریدی نے 2021 میں اپنا بیوٹی برانڈ لانچ کیا تھا، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے سکن کیئر برانڈ کا نام ’اوہ لالا‘ رکھا تھا جس میں مردوں اور خواتین کے لیے پریمیئم کوالٹی پرسنل کیئر مصنوعات متعارف کروائی گئی تھیں۔
پی ایس ایل 8 کا آغاز 13 فروری سے ہو رہا ہے، لاہور قلندرز ٹائٹل کا دفاع کرے گی، لاہور قلندرز نے گزشتہ سال پی ایس ایل کی تاریخ میں دوسری بار ٹرافی اپنے نام کی تھی، آپ کے خیال میں رواں سال کون سی ٹیم جیتے گی؟
