فیروز خان کیساتھ اپنی فیک ویڈیو وائرل ہونے پر اشنا شاہ برہم

معروف اداکارہ اشنا شاہ اور فیروز خان کی ایک فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل چکی ہے جسے دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اداکار فیروز خان کی جانب سے اپنے ساتھ کسی زیادتی پر رونا دھونا کر رہی ہے۔ اداکار فیروز خان کے ساتھ ’حبس‘ سمیت دیگر ڈراموں اور منصوبوں میں ایک ساتھ کام کرنے والی اداکارہ اشنا شاہ نے اس جعلی ویڈیو کو وائرل کرنے پر افشاں نامی یوٹیوب چینل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اُس اکاؤنٹ کے خلاف شکایت درج کرائیں۔ اشنا نے انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا کہ ’در فشاں‘ نامی یوٹیوب چینل پر ان کی دو سال پرانی تصاویر کو استعمال کرکے ان سے متعلق ایک جعلی ویڈیو لگائی گئی۔ انہوں نے لکھا کہ عام طور پر وہ ایسی فالتو چیزوں پر وقت ضائع نہیں کرتیں اور نہ ہی ان کی طرف توجہ دیتی ہیں لیکن چوں کہ مذکورہ ویڈیو کو اب تک 5 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے، اس لیے وہ اس کی طرف متوجہ ہوئیں۔

اشنا شاہ نے لکھا کہ ان سے اور فیروز خان سے متعلق پوسٹ کی گئی جعلی ویڈیو جنگل کی لگی آگ کی طرح پھیل رہی ہے حالانکہ اس میں استعمال کی گئی انکی تصاویر دو سال پرانی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے رونے والی تصاویر اس وقت کی ہیں جب ان کے گھر کا ایک پالتو جانور ہلاک ہوگیا تھا اور وہ اشک بار ہوگئی تھیں۔

اشنا نے لکھا کہ ان کی پرانی تصاویر کو فیک ویڈیو میں استعمال کرکے فیروز خان بارے جھوٹی ویڈیو بنائی گئی۔ اشنا شاہ نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی جعلی ویڈیو بنانے والے یوٹیوب چینل کو رپورٹ کریں، تاکہ جعلی اکاؤنٹ کو بند کروایا جا سکے۔ اشنا کی جانب سے پوسٹ کیے جانے کے بعد مذکورہ یوٹیوب چینل کی جانب سے اشنا شاہ کی فیروز خان بارے ویڈیو کو ڈیلیٹ کردیا گیا، تاہم اسی چینل پر اداکارہ کی مزید فیک ویڈیوز بھی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ ’در فشاں‘ نامی یوٹیوب چینل پر شوبز شخصیات کی تصاویر اور ویڈیوز سمیت ان کے بیانات کو تبدیل یا ایڈٹ کرکے ویڈیوز بنائی جاتی ہیں اور اس کے سبسکرائبرز کی تعداد 40 ہزار کے قریب ہے۔ اسی یوٹیوب چینل پر اشنا شاہ اور مہوش حیات کی شادی سمیت فیروز خان کی جانب سے سابق اہلیہ علیزے فاطمہ پر تشدد بارے متعدد جعلی ویڈیوز موجود ہیں۔ اس یوٹیوب چینل پر فرحان سعید اور عروہ حسین کی طلاق کے علاوہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی طلاق کی افواہوں بارے بھی کئی ویڈیوز موجود ہیں۔ مذکورہ یوٹیوب چینل پر اشنا شاہ اور فیروز خان کی بنائی گئی جعلی ویڈیو میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ نے اداکار کی جانب سے سابق بیوی علیزے فاطمہ پر تشدد سے متعلق خاموشی توڑی دی۔

Back to top button