فیٹف گرے لسٹ سے نکلنےکے امید پر سٹاک ایکسچینج میں تیزی

پاکستان کے فیٹف گرے لسٹ سے نکلنے کی امیدوں کے سبب آج پاکستا ن کی سٹاک ایکسچینج میں مندی کے بادل چھٹ گئے اور کراچی ہنڈریڈ انڈیکس 520 پوائنٹس اضافے سے 42 ہزار 251 پوائنٹس پر آگیا۔

کراچی سٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ کے مطابق دوپہر 12 بجے انڈیکس 520 پوائنٹس یا 1.25 فیصد اضافے کے ساتھ 42 ہزار 251 پوائنٹس پر پہنچ گیا جبکہ گزشتہ روز کاروبار 41 ہزار 730 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

اس حوالے سےڈائریکٹر عارف حبیب کارپوریشن احسن محنتی نے بتایا کہ ایف اے ٹی ایف اجلاس میں 27 نکاتی ایکشن پلان کی تعمیل پر پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کی متوقع اطلاعات کے پیش نظر پہلے سیشن میں اسٹاک ایکسچینج میں تیزی رہی جبکہ انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز میں ایکویٹیز کے سربراہ رضا جعفری نے بھی تازہ پیش رفت کو آج ایف اے ٹی ایف کے 4 روزہ اجلاس کے اختتام پر ’مثبت نتائج کی توقعات‘ سے منسوب کیا، ایف اے ٹی ایف کے پلینری اجلاس کے نتائج کی آمد آج متوقع ہے، مثبت نتائج کی توقعات 100 انڈیکس کو بلند کر رہی ہیں۔

خیال رہےایف اے ٹی ایف اجلاس کے نتائج آج متوقع ہیں، پاکستان کے حوالے سے مثبت نتائج کی توقعات آج کے ایس ای 100 انڈیکس کو بلندی کی جانب لے جا رہی ہیں، اس کے ساتھ ہی پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کو دوبارہ شروع کرنے کے قریب تر ہے۔

Back to top button