قطر کا پاکستان میں 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اظہار آمادگی

قطرکی انویسٹمنٹ اتھارٹی نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کرنے پرآمادگی کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رئٹرز کی رپورٹ کے مطابق قطر کے امیری دیوان کا کہنا تھا کہ کیو یو آئی کا پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے، امیری دیوان نے تفصیلات سے آگاہ کیے بغیر کہنا تھا کہ قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں کمرشل اور سرمایہ کاری کے مختلف شعبوں میں 3 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔
پاکستان کو اس وقت معاشی دشواری اور ادائیگی کے توازن میں بحران کا سامنا ہے اور ساتھ ہی بیرونی ذخائر گر کر 7 ارب 80 کروڈ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں اور ایک ماہ سے زائد عرصے کی درآمدات کے لیے کافی ہیں، ملک کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تنزلی اور جولائی میں 24 فیصد زیادہ ہونے لی مہنگائی کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق قطری ادارے کی جانب سے سرمایہ کاری کا اعلان ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر دوحہ میں موجود ہیں جہاں ان کی ملاقات قطری امیر شیخ تمیم بن الحمد الثانی سے ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز کیو آئی اے کے حکام سے ملاقات کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق امیری دیوان نے کہا کہ امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان برادارنہ اور اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت اور قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کے ذریعے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرتے ہوئے معاشی شراکت داری بڑھانے پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ قطر کے بعد اگلے ہفتے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا اجلاس شیڈول ہے جہاں پاکستان کو ایک ارب ڈالر سے زائد قرض جاری کرنے کی منظوری متوقع ہے جو رواں برس کے شروع سے زیر التوا ہے۔
وزیراعظم نے 450 ارب ڈالر کے قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کو پاکستان کے توانائی اور ہوابازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے اس سے قبل کہا تھا کہ وہ قابل تجدید توانائی، فوڈ سیکیورٹی، صنعتی اور انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ، سیاحت اور میزبانی کے شعبوں کو نمایاں کریں گے، وزیراعظم کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ امکان تھا کہ وہ قطر کو انٹرنیشنل ایئر لائنز اور نیویارک میں قائم روزویلٹ ہوٹل سمیت ریاستی اداروں میں شراکت داری کی پیش کش کریں گے۔
