لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر مفتی کفایت اللہ گرفتار

مانسہرہ میں دفعہ 144، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی اور پر اشتعال انگیز تقریر کرنے پر جے یو آئی کے اہم رہنما مفتی کفایت اللہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
جمیعتِ علماء اسلام کے اہم رہنما مفتی کفایت اللہ کو گرفتار کرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر مولانا فضل الرحمٰن کے قریبی ساتھی اور جے یو آئی کے اہم رہنما مفتی کفایت اللہ کو مولانا عبدالعزیز کے نماز جنازہ میں شرکت کے بعد واپسی پر پولیس نے گرفتار کیا گیا ہے۔ مفتی کفایت اللہ کے خلاف مانسہرہ پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 12اپریل کو مقدمہ درج کیا تھا، جس کے بعد آج مانسہرہ میں مولانا عبدالعزیز کے نماز جنازہ میں شرکت کے بعد واپسی پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔
ڈی پی او مانسہرہ نے بتایا ہے کہ سرکل شنکیاری کی پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی، اشتعال انگیز تقریر کرنے اور عوام میں مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں سابق رکن اسمبلی مفتی کفایت اللہ کو گرفتار کیا ہے جنہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی کفایت پر اشتعال انگیزی، فرقہ وارانہ تقریر اور دفعہ 144کی خلاف ورزی کے مقدمات ہیں۔
خیال رہے کہ آج کورونا وائرس کے باعث وفاقی کابینہ نے لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کردی ہے، ملک میں لاک ڈاؤن 30 اپریل تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی حتمی منظوری قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں دی جائے گی۔لاک ڈاؤن کے بعد کھلنے والے شعبوں سے متعلق بھی قواعد و ضوابط طے کرلیے گئے ہیں۔حکومت نے ہنر سے متعلق تجارت اور کاروبار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد درزی، پلمبر الیکٹریشن، مکینک اور حجام کی کاموں پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button