لاہور جلسے کی اجازت نہ ملی تو اسے احتجاج میں بدل دیں گے : عمران خان

عمران خان نے کہاہے کہ لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو جلسے کو احتجاج میں بدل دیں گے۔
اڈیالہ جیل میں میڈیا سےگفتگو کرتےہوئے ان کاکہنا تھاکہ لاہور میں جلسےکی اجازت نہ دی گئی تو جلسےکو احتجاج میں بدل دیں گے،لاہور میں ڈیڑھ سال سےجلسہ نہیں کرنےدیا جارہا، جمہوریت تباہ کرنے کا مطلب آزادی ختم کرنا ہوتا ہے، جلسہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے،سپریم کورٹ، جمہوریت اور آزادی کو بچانے کےلیے مینار پاکستان پر جلسہ ہوگا۔
عمران خان نے بتایاکہ الیکشن سے پہلےبھی جلسہ نہیں کرنےدیا گیااور اب بھی روکا جا رہاہے، اسٹیبلشمنٹ نے اسلام آباد کا جلسہ کرنےکی گارنٹی دی تھی، پاکستان کا حوالہ دیاگیا جس پر ہم نےجلسہ ملتوی کیا، گارنٹی کےباوجود اسلام اباد کےجلسے میں کنٹینرز لگائے گئے، رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، سوال کیاکہ دنیا میں کیاکبھی کسی نے جلسہ ختم کرنے کا وقت دیاہے ؟عمران خان نے شکوہ کیاکہ اسلام آباد کے جلسے سےمتعلق ہمارےساتھ دھوکاکیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایاکہ لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے اگر جلسے کی اجازت نہ دی تو مینار پاکستان پر احتجاج کریں گے۔ان کاکہنا تھاکہ یہ جمہوریت کی تباہی کررہے ہیں، مشرف کے مارشل لا دور میں بھی ایسا نہیں تھا جو اب کیاجارہا ہے،مشرف کا الیکشن ان کےمقابلے میں فری اینڈ فیئر تھا، مشرف نےبھی میڈیا اور جلسوں پر پابندی نہیں لگائی۔
عمران خان نےکہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور چیف الیکشن کمشنر مل کر دھاندلی کررہے ہیں،الیکشن کمیشن بال کراتےہیں، چیف جسٹس قاضی فائز کیچ پکڑتےہیں،ان کی جو بھی درخواستیں ہیں وہ سنی جارہی ہیں اور ہماری مسترد ہورہی ہیں،الیکشن ایڈمنسٹریٹو عمل ہوتاہے، کمشنر پنڈی نے جو کہاوہ درست ثابت ہوا،کمشنر کےبیان پر تفتیش تو ہونی چاہیے تھی، یہ بھی ہوسکتا ہےکہ وہ غلط ہو، یہ نہیں ہوناچاہیے کہ کمشنر کےبیان کی تحقیقات کےبجائے اسے غائب کردیا جائے۔
عمران خان کاکہنا تھاکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی آئینی ترامیم کے براہ راست بینفشری ہیں، وہ توسیع چاہتے ہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی الیکشن کا ہرکیس اپنے پاس لےلیتے ہیں، جسٹس قاضی فائز عیسی کی بیوی نے میرےخلاف بیان دیا،ان کو تو ہمارے کیسز سےخود کو الگ کرلینا چاہیے۔
عمران خان نےکہا کہ آج لکیر کےایک طرف جمہوریت، ووٹ کو عزت دینےوالے اور دوسری طرف بوٹ کو عزت دینےوالے ہیں، 8 فروری کے الیکشن میں ان کی ضمانتیں ضبط ہوئی تھیں،فراڈ کو کور کرنے کےلیے 4 ایمپائرزکو ساتھ ملا کر یہ سب کیا جارہا ہے، جلسے سے روکا گیا تو مینار پاکستان پر پوری قوم احتجاج کرے گی۔
عمران خان نےبتایا کہ حمودالرحمٰن کمیشن رپورٹ کی بات اس لیےکرتا ہوں کیوں کہ آج بھی ملک میں وہی حالات ہیں، ملک کے یہ حالات مشرف اور ضیا الحق کےدور میں بھی نہیں تھے ، اس وقت بھی پورا مشرقی پاکستان مجیب کے ساتھ کھڑا تھا، یحیی خان نے اپنی ذات اور اقتدار کےلیے مجیب کےخلاف ایکشن لیا، 8 فروری کے الیکشن میں واضح ہو گیا تھا کہ قوم کہاں کھڑی ہے، قوم ایک طرف کھڑی ہے اور چھوٹا سا صاحب اقتدار طبقہ جمہوریت اور سپریم کورٹ کو اپنے اقتدار کےلیے تباہ کررہے ہیں۔
