لاہور کا تاریخی ائیرپورٹ ہمیشہ کیلئے بند کر دیا گیا

لاہور کا تاریخی ائیرپورٹ ہمیشہ کیلئے بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور اور پاکستان کے قدیم ترین والٹن ائیرپورٹ کو 25 مئی بروز منگل کو ہمیشہ کیلئے بند کر دیا گیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکم نامہ کے مطابق کل 26 مئی سے والٹن ائیرپورٹ ہر طرح کے آپریشنز کیلئے بند کر دیا جائے گا۔ ائیرپورٹ پر فلائنگ کلبز کو تمام طیارے گراؤنڈ کرنےکی ہدایت کردی گئی، جب کہ تربیتی پروازیں عارضی طور پر علامہ اقبال ائیرپورٹ منتقل کی جائیں گی۔
بتایا گیا ہے کہ والٹن ائیرپورٹ کو لاہور سے باہر منتقل کیا جائے گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں ایک نیا ائیرپورٹ تعمیر کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ والٹن ائیرپورٹ کی بندش کے بعد مریدکے کے علاقے میں نیا ائیرپورٹ تعمیر کیا جائے گا۔ مریدکے میں نئے ائیرپورٹ کی تعمیر کے بعد فلائنگ کلب کو یہاں منتقل کیا جائے گا۔ مریدکے میں ائیرپورٹ کی تعمیر کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بولیاں طلب کر لی ہیں۔ ٹینڈر کا عمل مکمل ہونے کے بعد ائیرپورٹ کی تعمیر کا جلد آغاز ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ لاہور کا 103 سالہ قدیم اور تاریخی والٹن ائیرپورٹ اور فلائنگ کلب گزشتہ ماہ بند کردیا گیا تھا۔ وفاقی کابینہ نے والٹن ائیرپورٹ بند کرنے کی منظوری دی تھی جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا۔ والٹن ائیرپورٹ کی جگہ کو بزنس حب میں تبدیل کیا جائے گا ۔ والٹن ائیرپورٹ لاہور شہر کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل تھا۔ 1962ء تک والٹن ائیرپورٹ لاہور کا پہلا سویلین ائیرپورٹ تھا جب کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح بھی والٹن ائیرپورٹ استعمال کیا کرتے تھے۔ والٹن ائیرپورٹ ایک سو تین سالہ پرانا اور تاریخی ائیرپورٹ تھا۔ جنگ عظیم دوئم میں والٹن ائیرپورٹ جو بطور بیس استعمال کیا گیا تھا۔ لاہور کا والٹن ائیر پورٹ پاکستان نہیں بلکہ جنوبی ایشیا کی ہوا بازی کی تاریخ میں تاریخی اہمیت کا حامل تھا۔ ماضی میں یہ صوبائی دارالحکومت لاہور کا مرکزی ائیرپورٹ تھا تاہم لاہور انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی تعمیر کے بعد 1961ء میں والٹن ائیر پورٹ کو جنرل ایوی ایشن کے لیے معین ہوائی اڈے میں تبدیل کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے کچھ عرصہ قبل ہی لاہورکا 103سال پرانا تاریخی والٹن ائیر پورٹ ختم کر کے بزنس حب بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ گلبرگ، ماڈل ٹاﺅن اور فیروز پور روڈ کا سنگم، لاہور کا والٹن ائیرپورٹ جس کا رقبہ 1200 کنال سے زائد ہے اور یہاں سینکڑوں چھوٹے بڑے درختوں کا ایک چھوٹا سا مصنوعی جنگل آباد ہے، والٹن ائیرپورٹ کی جگہ بزنس حب بنانے کے لیے اعلٰی سطح کی کمیٹی نے کام شروع کر دیا ہے اور ارد گرد 10 ایکڑ اراضی پر واقع 7 نرسریاں بھی ختم کر دی گئی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ والٹن ائیرپورٹ لاہور کا تاریخی ائیرپورٹ ہونے کے ساتھ فلائنگ کلب بھی ہے، غیر ملکیوں سمیت ملک کے ہزاروں پائلٹ یہاں سے تربیت حاصل کر چکے ہیں، یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے، اس کلب کو مریدکے میں نئے ائیرپورٹ کی تعمیر کے بعد وہاں منتقل کیا جائے گا۔

Back to top button