لیگی رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین قاتلانہ حملے میں زخمی
بلال یاسین
پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔
لاہور داتا دربار کے علاقے میں مسلم لیگ ن کے رہنما کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق بلال یاسین لیگی کارکن کے گھر موٹرسائیکل پر پہنچے ہی تھے کہ اسی دوران حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے اور انہوں نے فائرنگ کردی۔علاقہ مکینوں نے رکن اسمبلی کو میو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔ پولیس کے مطابق بلال یاسین کو ایک گولی ٹانگ اور دوسری پیٹ میں لگی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق رکن اسمبلی اپنے حلقے موہنی روڈ پر لیگی کارکن میاں اکرام کامی سے ملاقات کے لیے اُن کے گھر سلامت محلہ پہنچے تھے، وہ گلی کے باہر کھڑے تھے کہ ایک موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے رُک کر اُن پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی بلال یاسین جمعے کی شام نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوگئے۔سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) مستنصر فیروز کے مطابق بلال یاسین موٹر سائیکل پر داتا دربار کے علاقے میں ایک کارکن کے گھر گئے، جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی۔ ایس ایس پی کے مطابق بلال یاسین کو ایک گولی پیٹ اور دوسری ٹانگ میں لگی اور انہیں میو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے اور بلال یاسین کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے رکن اسمبلی پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا فوری سراغ لگانے کا حکم دے دیا۔
راؤ سردار علی خان نے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نےواقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی اور واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
