ماڈل روبینہ خان پر پابندی کا مطالبہ کیوں زور پکڑنے لگا؟

فیشن شوٹ کے دوران شوہر کی جانب سے میک اپ آرٹسٹ پر تشدد کیے جانے کے بعد ماڈلز نے روبینہ خان پر پابندی کا مطالبہ کر دیا ہے، شوٹنگ سیٹ پر تشدد کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب روبینہ خان شاہ کے فون کو میک اپ آرٹسٹ نے اپنے پاس رکھنے سے انکار کیا۔میک اپ آرٹسٹ پر تشدد کرنے کی بات سامنے آنے کے بعد متعدد معروف اور سپر ماڈلز نے روبینہ خان شاہ پر پابندی کا مطالبہ کر دیا ہے، سپر ماڈل مشک کلیم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں روبینہ خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ انہیں اپنے آپ پر شرم آنی چاہئے، وہ خود کو اس وقت طاقتور محسوس کر رہی ہوں گی جب ان کے شوہر انہیں بچانے آئے ہوں گے اور ان کے پاس واقعے کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں۔ساتھ ہی انہوں نے تمام ڈیزائنرز، ماڈلز اور میک اپ آرٹسٹس کو درخواست کی کہ وہ روبینہ خان شاہ پر پابندی عائد کریں، مشک کلیم نے اس سے قبل والی اسٹوری میں بتایا تھا کہ انہیں ابھی ابھی معلوم ہوا کہ شوٹنگ کے دوران ایک ماڈل کے شوہر نے میک اپ آرٹسٹ پر تشدد کیا اور ساتھ ہی انہوں نے مطالبہ کیا کہ ماڈل کا نام سامنے آنا چاہئے، مشک کلیم کی سٹوری کو دیگر ماڈلز نے بھی شیئر کیا اور ماڈل ایریکا رابن نے لکھا کہ وہ واقعے کی عینی گواہ ہیں اور انہوں نے اپنی آنکھوں سے مناظر دیکھے۔ماڈل وردا ریاض نے بھی مشک کلیم کی اسٹوری شیئر کرتے ہوئے روبینہ خان شاہ پر تنقید کی اور ساتھ ہی انہوں نے تشدد کا نشانہ بننے والے میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا، ماڈل ثنا فرحان سردار نے بھی میک اپ آرٹسٹ بریان ولیمز کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔انہوں نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ انہوں نے دونوں طرف کی کہانیاں سنیں ہیں اور وہ روبینہ خان شاہ کو یہی کہنا چاہیں گی کہ وہ میک اپ آرٹسٹ سے معافی مانگیں۔ ماڈل الیانا شمسی نے بھی روبینہ خان شاہ پر تنقید کرتے ہوئے نبیلہ سیلون سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر ماڈل کے خلاف کارروائی کرے۔ماڈل فاطمہ احسن نے بھی میک اپ آرٹسٹ پر تشدد کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسٹوری میں لکھا کہ انہوں نے سنا ہے کہ ماڈل روبینہ خان شاہ کے شوہر نے اپنے ہتھیاربند بھیج کر میک اپ آرٹسٹ پر تشدد کروایا۔ساتھی ماڈلز اور میک آرٹسٹس کی جانب سے تنقید اور پابندی کے مطالبے کے بعد روبینہ خان شاہ نے بھی اپنی متعدد انسٹاگرام اسٹوریز میں اپنا موقف پیش کیا اور کہا کہ ماڈلز کی جانب سے بیان کی گئی کہانی یک طرفہ ہے۔انہوں نے اپنی اسٹوریز میں بتایا کہ شوٹنگ کے وقت میک اپ آرٹسٹ کو اپنا فون دینے کی کوشش کی اور کہا کہ وہ کچھ دیر کے لیے اسے سنبھالیں، جس پر میک اپ آرٹسٹ نے انہیں کہا کہ وہ ’دو ٹکے کی ماڈل‘ ہیں اپنا موبائل خود سنبھالیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ میک اپ آرٹسٹ کی جانب سے ’’دو ٹکے کی ماڈل‘‘ کہنے پر وہ طیش میں آگئیں اور انہوں نے بھی تیز آواز میں بات کرنا شروع کی، جس پر وہاں شور ہوگیا، ان کا شور سن کر ان کے ڈرائیور نے ان کے شوہر کو فون کرکے معاملے کی تفصیلات بتائیں، جس پر ان کے شوہر وہاں پہنچ گئے، روبینہ خان شاہ نے لکھا کہ کوئی بھی غیرت مند شوہر اپنی بیوی کے لیے ’دو ٹکے کی ماڈل‘ کے لفظ برداشت نہیں کر سکتا۔

Back to top button