متحدہ عرب امارات نے 2 ارب ڈالر قرض واپسی کی مدت میں توسیع کردی

پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے 2 ارب ڈالر امدادی قرض کی واپسی میں توسیع کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ابوظہبی کے دورے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دوران ملاقات وزیر خارجہ قریشی نے پاکستان کی عالمی سطح پر متحدہ عرب امارات کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق ابو ظہبی ترقیاتی فنڈز (اے ڈی ایف ڈی) کے ذریعے 2 ارب ڈالرامدادی قرض کی ادائیگی میں توسیع کے فیصلے پر یو اے ای کے وزیر خارجہ نے پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ قریشی نے اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے مابین گرم جوشی پر مبنی برادر تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ قریشی نے اپنے ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا اور پاکستان کی افغانستان میں جاری امن و مفاہمت کے عمل کی حمایت کےلیے مستقل کوششوں سے آگاہ کیا۔ وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے امور بشمول تجارت، سرمایہ کاری، انفرا اسٹرکچر، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ متحدہ عرب امارات کی مہمان نوازی پر تحسین کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ قریشی نے وزیر خارجہ عبد اللہ کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔ دفتر خارجہ کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کی۔ خیال رہے کہ اکتوبر 2018 میں سعودی عرب نے معاشی بحران سے دوچار پاکستان کی مدد کےلیے 3ارب ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس وقت کے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر اور سعودی وزیر خزانہ عبد اللہ الجدان نے ایم او یو پر دستخط کیے تھے۔معاہدے میں درج تھا کہ سعودی عرب رقم کی ادائیوں میں توازن کےلیے پاکستان کو 3ارب ڈالر کی امداد دینے سمیت 3ارب ڈالر کی مؤخر ادائیوں پر پاکستان کو تیل بھی فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران اماراتی وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے علاوہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور احمد بن علی السیغ سے بھی ملاقات کی تھی۔ شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کےلیے ویزا پابندیوں میں نرمی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس ضمن میں دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کی مثبت شراکت کا اعتراف کیا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے بیرون ملک دوروں کے اگلے مرحلے میں آج تہران پہنچ رہے ہیں۔ تہران کے دورے پر وزیر خارجہ سرحدی تحفظ اور تجارتی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button