متھیرا نے بلاول کے ناقدین کوکھری کھری کیوں سنا دیں؟

متنازعہ اداکارہ متھیرا سیاست دانوں کے متعلق کم ہی بات کرتی ہیں لیکن بینظیر بھٹو شہید کی وجہ سے بلاول بھٹو زرداری ان کے پسندیدہ سیاستدان ہیں جن کا مذاق اڑانے پر اداکارہ غصے میں آ گئیں اور سوال کرنے والے کو شرم کرنے کا کہہ دیا۔
متھیرا نے ایک ٹی وی انٹرویو میں مختلف موضوعات سمیت سیاسی معاملات پر بھی گفتگو کی۔ ایک سوال پر متھیرا کا کہنا تھا کہ انہیں پیپلز پارٹی بے نظیر بھٹو کی وجہ سے بے حد پسند ہے جنہوں نے تمام عمر بڑی بہادری سے سیاسی جدوجہد کی اور اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کی طرح اپنی جان دینے سے بھی گریز نہ کیا۔
بلاول بھٹو سے متعلق سوال پر اداکارہ نے کہا کہ جو لوگ بلاول بھٹو زرداری کو زنانہ قرار دیتے ہوئے انکا مذاق اڑانے کی کوشش کرتےہیں انہیں شرم آنی چاہئے۔ متھیرا نے کہا کہ ایک تو بے شرم لوگ بلاول جیسے پڑھے لکھے اور سلجھے ہوئے سیاستدان کا مذاق بناتے ہیں، اور دوسرا اسے فروغ دے کر نمایاں بھی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے پر مزاحیہ انداز میں طنز کرنا الگ بات ہے مگر کسی کی ذات پر اسکی شخصیت یا زبان و بیان کو لے کر حملہ کرنا نہایت ہی نامناسب بات ہے۔ واضح رہے کہ اداکارہ متھیرا اب تک سینکڑوں فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، انکی معروف فلموں میں ینگ ملنگ، میں ہوں شاہد آفریدی، بلائینڈ لو، راستہ، صرف تم ہی تو ہو، تیور اور سکندر شامل ہیں جبکہ انکے مشہور شوز میں گیم شو ایسے چلے گا لیگ، خوش رہو پاکستان، اور دی انسٹا شو ود متھیرا شامل ہیں۔
