محب مرزا طلاق کے بعد آمنہ شیخ کی شادی کے صدمے سے دوچار

خوبصورت اداکار اور محنتی ڈائریکٹر محب مرزا اپنی سابقہ اہلیہ سپر ماڈل آمنہ شیخ کی دوسری شادی کے دکھ میں پریشان اور شکستہ نظر آتے ہیں کیونکہ انہوں نے صرف بیوی نہیں بلکہ ایک چھوٹی سی دس برس کی گڑیا نما بیٹی بھی کھوئی ہے جو اپنی ماں کے ساتھ ہی چلی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں ذومعنی الفاظ میں انھوں نےاپنے احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت کبھی ایک سا نہیں رہتا۔ اس لئے وقت کے اتار چڑھاؤ سے پریشان ہونے کی بجائے ہمیشہ مثبت رہیں کیونکہ وقت کبھی بھی ایک جیسا نہیں رہتا اگر اچھا وقت نہیں رہا تو بُرا بھی گزر جائے گا۔ بعدازاں فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکار سے اُن کی ایک مداح نے کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ آمنہ شیخ کی شادی کے اعلان کے بعد وہ بےچینی سے محب کی شادی کی خبر کے انتظار میں ہیں۔ محب مرزا نے اپنی پرستار کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’زندگی میں کرنے کو اور بھی بہت کچھ ہے۔ ان کے کمنٹ سے لگتا ہے شاید اب ان کا شادی کے رشتے پر سے اعتبار ہی ختم ہو چکا ہے۔ اس سے پہلے ایک ٹویٹ میں محب مرزا نے اپنی بیٹی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی تھی اور اور یہ لکھا تھا کہ وہ اسے بہت مس کر رہے ہیں اور یاد کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ تقریبا 15 برس کی رفاقت کے بعد پچھلے برس آمنہ شیخ نے محب مرزا سے علیحدگی اختیار کر لی تھی لیکن کم ہی لوگ جانتے تھے کہ انکی علیحدگی طلاق میں بدل چکی ہے جس کا پتہ اس روز چلا جب آمنہ شیخ نے اچانک اپنی دوسری شادی کا اعلان کیا۔ آمنہ شیخ نے سوشل میڈیا پر اپنے دوسرے خاوند اور محب مرزا میں سے اپنی بیٹی کے ساتھ تصاویر بھی شئیر کیں۔
زیب النساء، کہتا ہے دل، سلطنت، رنجش ہی سہی، خدا کی بستی، لباس، ہم تم، نادانیاں، میرے سائین، میرے درد کو جو زباں ملے، فراق اور دشمن ضان سمیت متعدد ڈراموں، فلموں، ٹیلی فلموں ڈائریکشن اور اینکرنگ سمیت مختلف شعبہ جات میں نام کمانے والے محب مرزا 18 اگست 1979 کو کراچی میں پیدا ہوئے اپنی ابتدائی تعلم کراچی میں ہی حاصل کی۔ گریجویشن کے دوران اپنی فیس کی ادائیگی اور اپنے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کیلئے محب مرزا نے 1999 میں دوستوں کے ساتھ مل کر اپنی تھیٹر کمپنی ڈرامے باز بنائی۔ انہوں نے دوستوں کے ساتھ مل کر اپنا تحریر کردہ پہلا اسٹیج ڈرامہ ” ون وے ٹکٹ” پیش کیا جسے کافی پذیرائی ملی۔
محب نے معروف ٹی وی ڈرامے زیب النسا سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا، بعد ازاں انھوں نے متعدد ڈراموں، فلموں، سیٹ کامز اور ٹی وی کمرشلز میں کام کیا۔ 2009 میں انہوں نے فلم انشااللہ میں کام کیا جس نے انہیں پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول کیا اور انھوں نے فلم میکرفلم فیسٹیول میں بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر کا ایوارڈ حاصل کیا۔محب مرزا پہلے پاکستان اداکار تھے جنہیں انگلینڈ میں منعقدہ اس فیسٹیول میں اعزاز سے نوازا گیا تھا۔ محب مرزا نے ایک انٹرویو میں اپنے فنی کیرئیر میں پیش آنے والی مشکلات بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے ہاں خوبصورتی کا معیار صرف گوری رنگت ہے جو کہ بہت غلط ہے۔ انہیں بھی گہری سانولی رنگت کی وجہ سے کئی فلموں میں کاسٹ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اس حوالے سے اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک فلم کی پیش کش کی گئی اور ساتھ میں یہ ڈیمانڈ بھی رکھی گئی کہ وہ گورا ہونے والے ٹیکے لگوائیں جس پر انہوں نے انکار کر دیا اور انہیں فلم میں کاسٹ نہیں کیا گیا۔
محب مرزا نے 2005 میں معروف ماڈل اور اداکارہ آمنہ شیخ سے شادی کی تھی۔ محب اورآمنہ دونوں ایک ہی وقت میں انڈسٹری میں آئے تھے، آمنہ شیخ اس وقت پروڈیوسر تھیں جبکہ محب مرزا میزبان تھے۔ دونوں ایک دوسروں کو سکول لائف سے جانتے تھے دونوں نے تھیٹر میں ایک ساتھ ہی انٹری ڈالی تھی۔ محب کا تعلق اردو سپیکنگ خاندان سے تھا جو کراچی میں رہتے تھے جبکہ آمنہ پنجابی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ ان کا خاندان گوجرانوالہ سے تعلق رکھتا تھا۔ آمنہ نے اپنا بچپن سعودی عرب میں گزارا جبکہ نو عمری میں شہر قائد پہنچ آئیں۔ وہاں پر کچھ دن قیام کے بعد انہوں نے اعلیٰ پڑھائی کے لیے امریکا کا رُخ کیا۔ محب اور آمنہ دونوں ایک دوسرے کو اچھے دوست سمجھتے تھے، لہذا انھوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ شادی کے بعد دونوں نے متعدد ڈراموں اور دیگر شوبز منصوبوں میں ایک ساتھ کام بھی کیا اور دونوں کی جوڑی کو خوب سراہا جاتا رہا۔ محب مرزا اور آمنہ شیخ کی جوڑی کا شمار طویل عرصے تک ایک ساتھ رہنے والی جوڑیوں میں ہوتا تھا۔ ان کے ہاں 2015 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔ بیٹی کی پیدائش کے بعد ہی محب مرزا اور آمنہ شیخ میں اختلافات کی خبریں سامنے آئیں اور کئی سال تک ان کے درمیان اختلافات کی چہ مگوئیاں ہوتی رہیں۔ طویل عرصے تک چہ مگوئیاں رہنے کے بعد اکتوبر 2019 میں محب مرزا نے ایک ٹی وی انٹرویو میں آمنہ شیخ سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی۔ محب مرزا نے اس بات کی وضاحت نہیں کی تھی کہ ان کے اور آمنہ شیخ کے درمیان کب سے علیحدگی ہوئی ہے اور ان کی طلاق کی وجوہات کیا بنیں۔
رواں سال 8 اگست کو محب مرزا کو چھوڑنے والی سپر ماڈل آمنہ انٹر پرینیوراورایجوکیشنل ٹیکنالوجی کمپنی کوڈڈ مائینڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ عمر فاروقی سے دوسری شادی کر کے اپنی نئی زندگی کا آغاز کر چکی ہیں تاہم محب مرزاطلاق اور اپنی بیٹی سے دوری کی وجہ سے کرب اور تکلیف کا شکار نظر آتے ہیں اور تاحال ان کی طرف سے دوسری شادی بارے کوئی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔
