مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد کا کیس، چیف الیکشن کمشنر کو جواب جمع کروانے کا حکم

لاہور ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا جس میں چیف الیکشن کمشنر کو آئندہ سماعت پرجواب جمع کروانے کا حکم دےدیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نےایک صفحے پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا۔تحریری حکم نامے میں کہاگیا ہے کہ آئندہ سماعت پر چیف الیکشن کمشنر جواب جمع کروائیں جب کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو جواب جمع کروانے کاآخری موقع فراہم کیاجاتا ہے۔

یادرہے کہ سپریم کورٹ کےمخصوص نشستوں کےفیصلے پر عملدرآمد کروانے کےلیے لاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست منیر احمد کی جانب سےدائر کی گئی۔

درخواست گزار نےموقف اختیار کیاکہ مخصوص نشستوں کےحوالے سے سپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ کا وضاحتی اور تفصیلی فیصلہ آچکا ہےتاہم مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو تاحال نہیں ملیں۔درخواست گزار نےعدالت سےاستدعا کی کہ لاہور ہائی کورٹ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینےکا حکم دے،عدالت مخصوص نشستوں کےفیصلے پر عملدرآمد کروانے کاحکم دے۔

لاہور ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کےحوالے سے سپریم کورٹ کےفیصلے کو مفروضوں پر مبنی قراردیتے ہوئے 14 ستمبر کی وضاحت کو چیلنج کردیا اور فیصلے کےخلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔

مخصوص نشستوں کا فیصلہ : تشریح کی آڑ میں آئین دوبارہ نہیں لکھا جاسکتا ، الیکشن کمیشن

Back to top button