مرد کبھی عورت کی مرضی کے بغیر کوئی حرکت نہیں کر سکتا


پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے کہا ہے کہ مرد کتنا بھی بڑا بدمعاش کیوں نہ ہو، وہ کبھی بھی عورت کی اجازت کے بغیر کوئی غلط حرکت نہیں کر سکتا۔ ہاں یہ ضرور ہوتا ہے کہ خاتون انگلی پکڑانے پرراضی ہو جائے تو مرد ہاتھ پکڑ کر کھینچ لیتا ہے۔ عدنان صدیقی نے احمد علی بٹ کے شو میں اپنے مقبول ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں کام کے تجربے کے حوالے سے باتیں کیں۔ اداکار نے اس بات پر خدا کا شکر کیا کہ انہیں ہالی ووڈ کی شہزادی انجلینا جولی اور بالی ووڈ کی شہزادی آنجہانی سری دیوی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، عدنان نے بتایا کہ انہوں نے ہالی وووڈ فلم میں انجلینا جولی کے ساتھ، اور بالی ووڈ میں عرفان خان، سری دیوی، اور نواز الدین صدیقی کے ساتھ بطور اداکار کام کرنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔

ایک سوال پر عدنان صدیقی نے انکشاف کیا کہ انہیں ’’میرے پاس تم ہو‘‘ نامی مشہور ڈرامے میں کام کی پیشکش اچانک ہوئی تھی۔ انہیں بتایا گیا تھا کہ ڈرامے کا سکرپٹ 6 سال قبل لکھا گیا تھا اور انہیں تب ہی اس کردار کے لیے فائنل کر لیا گیا تھا۔ عدنان نے ڈرامے میں کام کرنے کی حامی بھرتے وقت تک اسکرپٹ نہیں پڑھا تھا لیکن جب ہمایوں سعید نے ’’دو ٹکے کی عورت‘‘ کے ڈائیلاگ کا منظر شوٹ کروایا تب انہوں نے پورا سکرپٹ پڑھا۔

اداکار کے مطابق جب انہوں نے اسکرپٹ پڑھا تو انہیں ہر ڈائیلاگ کے دوسرے ڈائیلاگ کے ساتھ تانے بانے ملتے نظر آئے، عدنان صدیقی نے ’میرے پاس تم ہو‘ میں اپنے کردار کی کہانی پر بات کرتے ہوئے دلیل دی کہ دنیا میں دونوں صنفوں یعنی مرد اور خواتین میں برے لوگ پائے جاتے ہیں۔ لیکن انکا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی بھی مرد کتنا ہی بڑا بدمعاش کیوں نہ ہو، وہ عورت کی اجازت کے بغیر کوئی غلط حرکت نہیں کر سکتا، عدنان نے کہا کہ لیکن یہ ضرور ہے کہ جب کسی مرد کو خاتون کی جانب سے تھوڑی سی اجازت ملتی ہے تو مرد بہت زیادہ کر لیتا ہے۔
عدنان صدیقی نے ڈرامہ ساز خلیل الرحمٰن قمر کی اس سوچ سے بھی اختلاف کیا کہ جب عورت گناہ کرتی ہے تو نسل خراب ہوتی ہے اور جب مرد گناہ کرتا ہے تو معاشرہ خراب ہوتا ہے، اداکار کے مطابق ان کی نظر میں دونوں کا گناہ ایک جیسا ہی نقصان کار ہوتا ہے اور دونوں پر ایک جتنی ہی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ میرے پاس تم ہو کو 2019 میں اے آر وائی پر نشر کیا گیا تھا اور اس کی آخری قسط سینماؤں میں دکھائی گئی تھی۔ اس ڈرامے میں ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار نبھائے جبکہ حرا مانی، سویرا ندیم، انوشے عباسی، مہر بانو، سید محمد احمد اور رحمت اجمل نے اہم کردار نبھائے۔ ’’میرے پاس تم ہو‘‘ کی کہانی شادی شدہ جوڑوں کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے میں ایک شادی شدہ خاتون کو شادی شدہ مرد باس کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے بعد اپنے شوہر سے طلاق حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ بے وفا بیوی کا کردار اداکارہ عائزہ نے ادا کیا تھا۔

Back to top button