مریم نواز کے خوبصورت نظر آنے پر بھی یوتھیوں کے پیٹ میں درد


تحریک انصاف کے یوتھیا کلچر کے عین مطابق پی ٹی آئی کے ٹرولرز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مریم نواز پر رقیق حملوں میں مصروف ہیں اور اب انہیں یہ تکلیف ہو رہی ہے کہ مریم نواز اپنے بیٹے کی شادی پر اتنی خوب صورت کیوں نظر آ رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک نظر دوڑائی جائے تو صاف پتہ چلتا ہے کہ پی ٹی آئی نے مریم نواز کے خلاف باقاعدہ ایک مہم چلائی ہے اور یہ بھونڈا اعتراض کیا جا رہا ہے کہ مریم نواز اپنے بیٹے کی شادی پر دلہن کی ٹکر کے خوبصورت ملبوسات پہن کر انکے ساتھ ساتھ نظر کیوں آتی ہیں۔ کچھ یوتھیوں نے ٹروکنگ کرتے ہوئے یہ اعتراض بھی کردیا کہ مریم نواز اپنی بہو سے بھی زیادہ جوان اور حسین کیوں دکھائی دیتی ہیں۔ کچھ دل جلوں نے دوبارہ سے مریم کو نانی ہونے کے طعنے دیے اور اپنے دل کی بھڑاس نکالتے ہوئے کہا کہ انہیں کم از کم اپنی عمر کے حساب سے لباس اور میک اپ کا انتخاب کرنا چاہیے تھا۔
یاد رہے کہ مریم نواز شریف ان دنوں اپنے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات میں مصروف ہیں۔ اس پرمسرت موقع پر ان خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں لیکن حسد سے بھرے یوتھیے انھیں اس موقع پر بھی چین سے نہیں رہنے دے رہے اور اپنی نفرت آمیز اور طنزیہ ٹویٹس سے بھرپور حسد اور جلن کا اظہار کر رہے ہیں۔ انصافیوں کے سوشل میڈیا ہینڈلز کے ذریعے مریم نواز شریف پر حسد کے بھرپور وار کئے جا رہے ہیں، کوئی انھیں جاتی امرا کی امرائو جان کے القابات سے نواز رہا ہے تو کوئی انہیں اپنی بہو سے میک اپ کا مقابلہ کرنے کی کوشش میں مصروف قرار دیتا ہے۔
ایک یوتھیے صارف نے مریم کی نئی اور پرانی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ عوام کے پیسے میں کتنی طاقت ہوتی ہے وہ ان تصویروں سے واضح ہو رہی ہے۔ مریم کی ایک تصویر سال 2000 کی ہے جبکہ دوسری تصویر سال 2020 کی۔ دونوں کا موازنہ کرتے ہوئے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مریم نے پلاسٹک سرجری سے اپنے چہرے کے خدوخال بہتر بنائے ہیں حالانکہ بیس برس میں ہر شخص کا چہرہ بدل جاتا ہے۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ پہلے ہمارے آباؤ واجداد نانا نانی یا دادا دادی بننے پر خوشی محسوس کرتے تھے مگر افسوس اب سب اس کے برعکس ہو رہا ہے، خصوصاً عورتیں اپنی اصل عمر چھپاتی ہیں۔ تاہم یہ اعتراض کرنے والے بھول گئے کہ مریم نواز نے اسی سال ایک جلسے میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہاں میں نانی بن چکی ہوں اور مجھے اس پر فخر ہے۔ مریم نواز نے دراصل عمران خان کو ان کے اس طعنے کا جواب دیا تھا کہ انکے بچوں کے بھی بچے ہو چکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بحث کے دوران کچھ صارفین نے پی ٹی آئی سے سیاسی وابستگی ہونے کے باوجود ایسی ٹرولنگ پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ میری سپورٹ پی ٹی آئی کے ساتھ رہی ہے مگر کسی بھی عورت کی شکل و صورت، کردار، اور ازدواجی زندگی کے بارے میں کوئی ڈسکشن نہیں ھونی چاہیے۔ اگر کسی میں کوئی برائی ہے بھی تو اس پر پردہ ڈالیں۔ رب کریم نے بھی نا جانے ہماری کتنی برائیوں پر پردے ڈال رکھے ہیں۔ سیاسی اختلاف کھل کر کریں لیکن لوگوں کی ماؤں بہنوں کی بلاوجہ ٹرولنگ کرنا خاندانی لوگوں کا کام نہیں۔

Back to top button