مریم کے ہاں ننھی پری کی آمد، معین خان دادا بن گئے

شادی کے ڈھائی سال بعد خوشیوں نے اداکارہ مریم انصاری کے گھر دستک دے دی، اداکارہ پہلے بچے کی ماں بن گئی ہیں، مریم انصاری نے مداحوں کو انسٹا گرام ویڈیو سے اپنے حاملہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔چند روز قبل ہی مریم انصاری کے اُمید سے ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم انہوں نے اور ان کے اہل خانہ نے ایسی خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔

مریم انصاری کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں اور ان کی ساس کو اداکارہ کے ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھا گیا تھا اور اب اداکارہ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوگئی۔مریم انصاری نے 6 جولائی کو انسٹاگرام پوسٹ میں تصدیق کی کہ ان کے ہاں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوگئی، بیٹی کی پیدائش 4 جولائی کو ہوئی اور انہوں نے بیٹی کا نام ’امایا خان‘ رکھا ہے۔

انہوں نے شوہر اویس خان کے ہمراہ رومانوی تصاویر بھی شیئر کیں، ایک تصویر میں انہیں بے بی بمپ کے ساتھ بھی دیکھا جا سکتا ہے، مریم انصاری کی جانب سے خبر شیئر کیے جانے کے بعد انہیں ان کے بھائی اداکار علی انصاری اور بھابھی صبور علی سمیت دیگر شوبز شخصیات نے مبارک باد دی۔اداکارہ کی پوسٹ میں مداحوں نے بھی مبارک باد کے کمنٹس کیے جب کہ بعض لوگوں نے مزاحیہ کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ اگلی بار ماں بننے کی باری صبور علی کی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مریم انصاری نے اپنے حمل سے متعلق خبر کو 9 ماہ تک ہی خفیہ رکھا، چند روز قبل ہی ان کے اُمید سے ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں اور ان کی بے بی بمپ کے ساتھ ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔مریم انصاری نے فروری 2021 میں سابق کرکٹر معین خان کے بیٹے اویس خان سے شادی کی تھی۔

دونوں نے فروری 2020 میں سادگی سے نکاح کیا تھا اور دونوں نے نکاح کی تقریب کو سوشل میڈیا پر براہ راست دکھایا تھا۔نکاح کے 10 ماہ بعد دسمبر 2020 کے اختتام پر ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا تھا اور انہوں نے شادی کی تصدیق فروری میں کی تھی۔

Back to top button