مرینہ خان کی لو میرج پر انکے والدین ناراضی ہو گئے

80 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے بلاک بسٹر ڈرامے تنہائیاں اور دھوپ کنارے جیسے سدا بہار ڈراموں سے مقبولیت کی بلندیوں کو چھونے والی ماضی کی خوبصورت اداکارہ مرینہ خان نے بتایا ہے کہ جب انہوں نے اپنی پسند کی شادی کرنے کا فیصلہ کیا تو ان کے والدین ان سے ناراض ہوگئے۔
مرینہ خان کا کہنا تھا کہ جب میں نے اپنی محبت کو شادی میں بدلنے کے لیے والدین کو بتایا تو والدہ نے تو فوری انکار کر دیا اور مجھے دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیا کہ ایسا ہر گز نہیں ہو گا جبکہ والد نے بھی میری حمایت نہیں کی لیکن میں اپنی محبت کو شادی میں بدلنے کیلئے ہر طرح کی مخالفت لینے کے لئے تیار تھی اور پھر ایسا ہی ہوا کہ میں نے اپنی مرضی سے اور والدین کی مرضی کیخلاف شادی کا فیصلہ کر لیا لیکن میرے والدین پھر بھی رضامند نہ ہوئے, مرینہ کے مطابق یہ وقت ان کے لئے شدید ذہنی دباؤ کا باعث تھا کیونکہ وہ اپنے والدین سے کافی قریب تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ پٹھان فیملی سے تعلق ہونے کی وجہ سے بھی والدین میری مرضی کی شادی پر تیار نہیں تھے، ایک طرف والدہ نے ظالم ماں کا روپ دھار لیا اور تقریبا 2 ہفتے تک مجھ سے بات کرنا چھوڑ دیا جبکہ ابا کو کچھ فکر ضرور تھی۔ میری اماں کو شاید اپنا ماضی یاد آرہا تھا کیونکہ انہوں نے بھی ایسا ہی کیا تھا، میری والدہ انگریز تھیں اور جب انہوں نے مرضی کی شادی کی تو ان کے والد نے ان سے 1 ماہ تک بات نہ کی۔ شاید ان کے ذہن میں وہی کہانی چل رہی تھی۔
مرینہ خان کے مطابق شادی کیلئے انہیں گھر چھوڑنا پڑا وہ ان دنوں اپنی ایک دوست کے گھر پر رہیں اور وہیں میری شادی ہوئی۔ مگر والدین نے میری شادی میں شرکت نہیں کی۔ مرینہ کے خیال میں اگر امی کی اس حد تک مخالفت نہ ہوتی تو شاید ابا نکاح میں ضرور آ جاتے لیکن محبت کو پانے کیلئے مجھے والدین کی مخالفت مول لینا پڑی۔ تاہم میں خوش ہوں کہ میرا فیصلہ ٹھیک ثابت ہوا۔
