مسلم لیگ فنکشنل اور ایم کیو ایم کا PTI کی سپورٹ جاری رکھنے کا فیصلہ

چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ الیکشن سے ایک روز قبل تحریک انصاف اہم ترین حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ مسلم لیگ فنکشنل اور ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کی سپورٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل نے اتحادی جماعتوں کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم بھی چئیرمین سینیٹ کےلیے صادق سنجرانی کو ووٹ دے گی۔ چئیرمی سینیٹ کےلیے پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ حتمی مشاورت آج ہوگی۔ مسلم لیگ فنکشنل کا ایک رکن ہے جن کا نام مظفر حسین شاہ ہے۔
خیال رہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اہم مرحلہ ہے، شیڈول کے مطابق 12مارچ کو دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہو گا جب کہ ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کی مدت 11 مارچ کو ختم ہو گئی، جس کے بعد 12 مارچ کو صبح کے اوقات میں نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے اور 12مارچ کو ہی دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہوگا۔
یاد رہے کہ سینیٹ کی کل 48 نشستوں کے الیکشن کے سلسلے میں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے، تحریک انصاف نے 18 نئی نشستیں حاصل کر کے کل 28 نشستیں حاصل کر لیں جب کہ پیپلز پارٹی نے 8 نئی اور کل 21، مسلم لیگ ن نے 5 نئی اور کل 18 نشستیں حاصل کی ہیں، بی اے پی کو 6 نئی اور کل 12 نشستیں ملی ہیں۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کو بھی کل 3 نشستیں مل چکیں، مسلم لیگ ق نے ایک نشست حاصل کی ہے، آزاد امیدوار بھی اب تک 6 نشستیں حاصل کر چکے تاہم تحریک انصاف سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بننے کے باوجود ایوان میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
