مس مارول‘‘ میں کوک سٹوڈیو کا کونسا گانا آنے والا ہے؟

معروف امریکی ویب سیریز ’’مس مارول‘‘ میں جلد کوک سٹوڈیو سیزن 14 کا ٹاپ گانا ’’پیھچے ہٹ‘‘ پیش کیے جانے کا امکان ہے، اس گانے کو رواں برس ریلیز ہونے والے کوک سٹوڈیو کے سیزن میں شامل کیا گیا تھا، جسے نوجوان گلوکار حسن رحیم، طلعت قریشی اور جسٹن بیبز نے گایا تھا۔ ‘پیچھے ہٹ’ کو کینیڈین گلوکار جسٹن بیبر کی نقل کرنے والی بہنوں جسٹن بیبز کی وجہ سے کافی پذیرائی ملی تھی اور اب خبریں سامنے آئی ہیں کہ اسی گانے کو آنے والی ویب سیریز ’مس مارول‘ میں بھی شامل کر دیا گیا ہے۔
صحافی ہارون رشید نے اپنی ٹوئٹ میں انکشاف کیا کہ پاکستانی سپر ہیرو کردار ’کمالہ خان‘ پر بنائی گئی ویب سیریز ’مس مارول‘ میں نہ صرف ’پیچھے ہٹ‘ گانا شامل ہے بلکہ اس میں بالی ووڈ فلموں کے ڈائیلاگز بھی شامل ہیں۔ ہارون رشید کے مطابق ’’مس مارول‘‘ کی دو قسطیں دیکھ لیں اور انہیں ویب سیریز میں جنوبی ایشیائی تڑکا دیکھ کر مزہ آ گیا، صحافی نے لکھا کہ ویب سیریز میں نہ صرف شاہ رخ خان کی معروف فلموں کے مزاحیہ ڈائیلاگز کو شامل کیا گیا ہے بلکہ اس میں حسن رحیم، طلعت قریشی اور جسٹن بیبز کا گانا ’پیچھے ہٹ‘ بھی شامل ہے، یہ واضح نہیں کیا کہ ’پیچھے ہٹ‘ گانے کو کس پر فلمایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ’مس مارول‘ کو امریکا سمیت دنیا بھر میں آئندہ ماہ 8 جون کو ڈزنی پلس پر ریلیز گیا تھا، تاہم پاکستان میں اسٹریمنگ ویب سائٹ نہ ہونے کی وجہ سے اسے سینماؤں میں دکھایا جائے گا۔ ویب سیریز کے ہدایت کاروں میں شامل شرمین عبید چنائے نے بتایا تھا کہ مارول سٹوڈیوز ’’مس مارول‘‘ کا پاکستان میں سینماؤں کے لیے 6 قسطوں کا ایک سینما فارمیٹ ورژن بنایا گیا، جسے 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، مس مارول‘ ویب سیریز کی مرکزی کہانی ’کمالا خان‘ نامی 16 سالہ سپر ہیرو لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو دراصل ایک پاکستانی نژاد لڑکی ہوتی ہے اور جرسی سٹی میں رہتی ہے۔
کمالا ایک پرجوش فنکار، ایک شوقین گیمر، اور فکشن کی دلدادہ ہے، وہ اوینجرز اور خاص طور پر کیپٹن مارول کی ایک بہت بڑی مداح ہے لیکن سپرپاورز حاصل کرنے سے قبل کمالا خان نے ہمیشہ دنیا میں اپنا مقام تلاش کرنے کے لیے جدوجہد کی ہے۔ اس ویب سیریز کو کافی پسند کیا جارہا ہے اور امید ہے کہ جب یہ پاکستانی سینماؤں میں دکھائی جائے گی تو اسے مزید پزیرائی حاصل ہو گی۔
