مقامی طور پر تیار کردہ 14 جدید ترین جے ایف 17-بی ایس پاک فضائیہ میں شامل

پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی) نے مقامی طور پر تیار کردہ اسٹیٹ آف دی آرٹ 14 جدید فورتھ جنریشن جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 ڈووَل کیریئر لڑاکا طیارے باضابطہ طور پر پاک فضائیہ کے حوالے کردیے جو طویل رینج اعلیٰ ترین ریڈار سسٹم اور ایڈوانس فائرنگ کی صلاحیت سے مالامال ہیں۔
ایئر کرافٹس کی شمولیت کو ‘سنگ میل’ قرار دیتے ہوئے ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ جے ایف تھنڈر17 گزشتہ برس 27 فروری کو بھارت کی جانب سے حدود کی خلاف ورزی پر آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران جنگی طور پر آزمایا گیا ثابت ہوچکا ہے۔پی اے سی کامرہ میں طیارہ حوالگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر ایئرکرافٹ مینوفیکچرنگ فیکٹری (اے ایم ایف) کی ٹیم کی تعریف کی۔ساتھ ہی انہوں نے جے ایف-17 بی اور بلاک 3 پیداوار کے لیے مسلسل تعاون کرنے پر وزارت دفاعی پیداوار اور چینی ایوی ایشن انڈسٹری کا شکریہ ادا کیا جو انتہائی اہم کامیابی ہے۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھارت کو ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی مہم جوئی سے پہلے ‘آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ’ کو یاد رکھے۔ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاک فضائیہ کا پہلا جے ایف 17 بلاک 3 طیارہ 2022 میں فضاؤں میں بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جے ایف 17 بلاک 3 طیارہ جدید ترین ہتھیاروں اور آلات سے لیس ہوگا اور یہ رافیل سمیت دیگر جدید طیاروں کے ہم پلہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ جنگی چیلنجز اور رجحانات میں وقت کے ساتھ ساتھ نمایاں تبدیلی آئی ہے اور پاک فضائیہ اپنی ضروریات کو مدنظر رکھ کر اپ گریڈیشن کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔بھارت کے ممکنہ فالس فلیگ آپریشن کی اطلاعات پر حکمت عملی سے متعلق سوال پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ ہنگامی حالت ہو یا امن، پاک فضائیہ ہمہ وقت الرٹ رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ ہم سے مت الجھیں اور کسی بھی مہم جوئی سے پہلے بھارت آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو یاد رکھے۔ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں عددی برتری کے حامل دشمن کو بھرپور جواب دیا تھا اور دشمن پر پیشہ ورانہ جنگی صلاحیت کی برتری ثابت کی۔
خیال رہے کہ رواں برس 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارتی ایئرفورس کی دراندازی کا بھر پور جواب دیتے ہوئے 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا۔
پاک فضائیہ کی اس کامیاب کارروائی کے دوران ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کرلیا گیا تھا، تاہم حکومت پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت اسے رہا کردیا تھا۔بعد ازاں مئی میں ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا تھا کہ 27 فروی کو بھارتی دراندازی پر پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کا جواب تاریخ میں ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔ائیر چیف مارشل نے بدھ کو میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ چین سے ‘جے 20’ سمیت دیگر جدید جنگی طیاروں کے حصول کے لیے بھی غور کر رہے ہیں جبکہ روس، چین اور دیگر ممالک کے ساتھ فضائی دفاع کے شعبے میں تعاون پر پیش رفت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ہر چیلنج میں قوم کی امنگوں پر پوری اتری ہے اور آئندہ بھی وقت آنے پر قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔
