ملک دیوالیہ ہوتا توماتھے،قبر پر تاقیامت کالا دھبہ لگ جاتا

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک دیوالیہ ہوتا تو میرے ماتھے اور قبر پر تاقیامت کالا دھبہ لگ جاتا۔ڈی آئی خان میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حلف اٹھایا تو مجھے احساس تھا حالات بہت مشکل ہیں، مگر اندازہ نہیں تھا حالات حد درجہ تباہ کن ہیں، ہم مشکل وقت سے نکل گئے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑا، سیاست چمکانے کےلیے ریاست کو قربان کرنے کو ترجیح دی، ہماری حکومت نے فیصلہ کیا سیاست قربان کرکے ریاست بچائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملک کا گردشی قرضہ 2300 ارب روپے ہے جس میں غریب کا کوئی قصور نہیں، بلکہ میری حکومت سمیت تمام حکومتوں اور اشرافیہ کا قصور ہے، یہ سب طاقتور کا قصور ہے لیکن اس کا بوجھ غریب پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب دن بھر محنت مزدوری کے بعد گھر واپس آتا ہے تو اسے فیصلہ کرنا پڑتا ہے آدھی روٹی کھائے یا پونی، چینی خریدے یا دودھ، دوائی کہاں سے لائے، لیکن اشرافیہ جس کی وجہ سے یہ ملک اس حد تک پہنچا وہ آج بھی خدانخواستہ آٹا ایک لاکھ روپے کلو بھی ہوجائے تو وہ خرید سکتی ہے، جبکہ غریب آج ایک کلو آٹا خریدنے جائے تو اس کے پسینے چھوٹ جاتے ہیں، فضل الرحمان کے ساتھ مل کر ملک کی تقدیر بدلیں گے۔
