ملک کی محافظ فوج کو پتا ہے اسے کیسے سنبھالناہے

مسلم لیگ ق کے سربراہ و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کی محافظ ہے اور اسے پتا ہے کہ ملک کو کیسے سنبھالنا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی سے سینئرصحافیوں نے ملاقات کی ، اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فوج ملک کی محافظ ہے اسے پتا ہے ملک کو کیسے سنبھالنا ہے، سیاست میں نظریاتی اختلاف کو ذاتی دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے،ہمیں چاہیے آج ہم اپنی انا کی قربانی بھی دیں کیونکہ اسی طرح معاملات میں بہتری آئے گی۔
انکا کہنا تھاسب کو چاہیے کہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے کے بجائے عوام کا سوچیں،اگلے الیکشن میں گجرات شہر سے ایم پی اے کی ٹکٹ کا فیصلہ مونس الٰہی کریں گے وہ اس حلقے کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔
سپیکر پرویز الٰہی کا کہنا تھاچوہدری شجاعت ہمارے بڑے ہیں اور خاندان کے فیصلے وہی کرتے ہیں،آئندہ کچھ سال میں سیاست کا نقشہ بدل جائے گا اور نئے چہرے سیاست کے میدان میں آئیں گے ، آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کرکے لڑیں گے۔
اس موقع پرمونس الٰہی نے کہا کہ چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز نے سمجھا رکھا ہے کہ شریف خاندان کے لوگ پیٹھ میں چھرا گھونپتے ہیں ان پر اعتماد نہیں کرنا ،ہم نئی سیاسی جماعت نہیں بنا رہے بلکہ مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے ہی الیکشن لڑیں گے۔
