مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم سے مستعفی ہوکر اپنی عزت بچانا ہوگی

جمعیت علمائے اسلام سے برطرف رہنما حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو پی ڈی ایم کے سربراہ کی حیثیت سے مستعفی ہوکر اپنی عزت اور وقار کو اس قسم کی کسی صورت حال سے بچانا ہوگا۔
کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے منحرف رہنما حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے کل کے سربراہی اجلاس میں 9جماعتوں کے متفقہ فیصلے کو پیپلز پارٹی نے یکطرفہ طور پر ویٹو کردیا، جس کا اعتراف خود مولانا فضل الرحمان نے اپنی زندگی کی سب سے مختصر ترین پریس بریفنگ میں کیا۔
حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کو کرپشن زدہ عناصر کے وکیل صفائی بننے اور پارٹی کو کرپٹ عناصر کی مفادات کےلیے بندگلی میں پہنچا نے کے خلاف آواز بلند کی، جس کی پاداش میں کوئی شوکاز نوٹس دیے بغیر ہمیں پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا گیا۔ جے یو آئی کے سابق رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم کے کل کے اجلاس سے ساری صورت حال عوام کے سامنے آچکی ہے، گزشتہ ڈھائی سال میں اپوزیشن نہ استعفے لے سکی اور نا استعفے دے سکی، کیا اب پارٹی کو مزید نقصانات سے بچانے کےلیے حقیقت پسندانہ انداز اپنائیں گے، اپنی غلطی کو تسلیم کرنے سے قیادت کی عزت کم نہیں ہو گی، پارٹی بچانے کےلیے اپنی حکمت عملی کی تبدیلی سے مولانا فضل الرحمان کی عزت اور وقار بڑھ جائے گی، اب مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے سربراہ کی حیثیت سے مستعفی ہوکر اپنی عزت اور وقار کو اس قسم کی کسی صورت حال سے بچانا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button