مولا جٹ 400 سینمائوں میں ریلیز ہونیوالی پہلی پاکستانی فلم

ہدایتکار بلال لاشاری کی شاہکار فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ 400 سے زائد سینمائوں پر ریلیز ہونے والی پہلی فلم بن گئی ہے، ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کو امریکا، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا اور مختلف خلیجی ممالک کی 400 سے زائد سینما اسکرینز پر ریلیز کر دیا گیا۔ فلم کے آفیشل انسٹاگرام پیج پر دی گئی عالمی سینماؤں کی فہرست کے مطابق ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو سب سے زیادہ آسٹریلیا کی سینما اسکرینز پر ریلیز کیا گیا، جن کی تعداد 100 سے بھی زائد ہے۔ اسی طرح فلم کو امریکا کی 40 اور برطانیہ کی 80 سکرینز پر ریلیز کیا گیا جبکہ اسے کینیڈا کی بھی 50 سے زائد اسکرین پر ریلیز کیا گیا۔
’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا پریمیئر جہاں پاکستان میں منعقد کیا گیا، وہیں اس کا پریمیئر خلیجی ملک قطر میں بھی منعقد کیا گیا، جہاں فلم کی کاسٹ سمیت دیگر ٹیم نے بھی شرکت کی اور ریڈ کارپٹ پر جلوے بھی بکھیرے۔’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوگیا کہ اسے اپنے ملک سے زیادہ عالمی اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے۔
پاکستان میں اس وقت بمشکل 300 سینما اسکرینز موجود ہیں جبکہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو دنیا بھر کی 400 سے زائد اسکرینز پر ریلیز کیا گیا ہے، فلم کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور اس کی بکنگ دو ہفتے قبل ہی شروع کر دی گئی تھی اور پاکستان میں اس کا ٹکٹ 1100 تک رکھا گیا تھا۔اگرچہ فوری طور پر فلم کی ٹیم نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی پہلے دن کی کمائی سے متعلق بیان جاری نہیں کیا، تاہم فلم کی ٹیم کے ذرائع کے مطابق اس نے پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی 10 کروڑ روپے کے قریب بزنس کی۔
کہا جا رہا ہے کہ ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے پہلے ہی دن ساڑھے 9 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کی ہے۔ اگر اس رپورٹ کو درست مانا جائے تو ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستانی سینما تاریخ کی پہلی فلم ہوگی، جس نے پہلے ہی دن اتنی زیادہ کمائی کی، اس سے قبل زیادہ کمائی کرنے والی فلموں نے بھی پہلے دن زیادہ سے زیادہ ایک کروڑ روپے تک کی کمائی کی تھی۔رپورٹس ہیں کہ ’دی لیجند آف مولا جٹ‘ کو 60 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنایا گیا تھا اور اس کی تیاری میں ایک دہائی کا عرصہ لگا، یہ فلم 1979 میں ریلیز ہونے والی پنجابی فلم ’مولا جٹ‘ کا نیا ورژن ہے اور نئی فلم بھی پنجابی زبان میں ہے۔
