موٹروے پر سفر کیلئے کرونا ویکسی نیشن لازمی قرار

سندھ حکومت نے کرونا پر قابو پانے کے لیے مثبت قدم اٹھاتے ہوئے موٹر وے پر سفر کے لیے بھی کرونا ویکسین کو لازمی قرار دے دیا ہے ۔

  نیا ایس او پی صوبائی محکمہ  داخلہ  کی جانب سے  جاری کیا گیا ہے جس میں ٹرانسپورٹرز کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔حکم نامے میں بسوں ، ریل گاڑیوں ، ٹیکسی ڈرائیوروں ، اور ہوم ڈیلیوری سروس والے اسٹاف کے لیے کرونا ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔

ویکسی نیشن نہ کرانے والے بس سٹینڈز اور بسوں کو سیل کر دیا جائے گا جبکہ ویکسینیشن کارڈ نہ رکھنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا جس کے لیے محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس اور انتظامیہ کو سخت ایکشن لینے کا حکم بھی دے دیا اور ہدایت کی ہے کہ 26 اور 27 ستمبر کو خصوصی طور پر کرونا ویکسی نیشن کارڈ لازمی چیک کریں ، احکامات پر عمل درآمد کے لیے صوبے کے تمام کمشنرز کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں ۔

عالمی ادارہ صحت کی پاکستان میں کنٹری سربراہ پلیتھا ماہی پالا نے کہا کہ پاکستان میں مکمل ویکسین یافتہ افراد کی تعداد 20 فیصد سے زائد ہوچکی ، دنیا میں بعض ممالک میں 2 فیصد آبادی کو بھی ویکسین نہیں لگائی گئی، پاکستان میں احتیاطی تدابیر کے باعث ڈیلٹا کیسز اور شرح اموات میں کمی رہی ، سمارٹ لاک ڈاؤ ن کی حکمت عملی کامیاب رہی۔

پاکستان کی ویکسین لگانے کی مہم انتہائی تیز اور مئوثر ہے، پاکستان میں مکمل ویکسی نیشن یافتہ افراد کی تعداد 20 فیصد سے زائد ہوچکی ہے، اسی طرح پاکستان میں جزوی ویکسی نیشن والوں کی تعداد 40 فیصد سے زائد ہوچکی ہے۔

Back to top button