میئر پی پی کا ہی ہوگا، ہم نے جماعت اسلامی سے بات کی ہے

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ میئر پیپلز پارٹی کا ہی ہو گا، ہم نے جماعت اسلامی سے بھی بات کی ہے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہے، جس کی سنگل اکثریت ہو تو پہلا حق اس کا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تو کراچی کے مسائل کے لیے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، عددی لحاظ سے پیپلز پارٹی کے نمبرز زیادہ ہیں، اخلاقی طور پر جس جماعت کے پاس عددی اکثریت ہو میئر اسی کا ہونا چاہیے۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم پی ایز پارٹی سے لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں، اگر یوسی چیئرمین پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں تو ان کا حق ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ بلاول کا دعویٰ پورا ہو گا، کراچی کا میئر جیالا ہی ہوگا، ہم کیوں کسی کو ہراساں کریں گے؟ جلاؤ گھیراؤ پر اگر کوئی کارروائی ہو رہی ہے تو اس کو تو نہیں روک سکتے۔

ان کا کہنا ہے کہ جس کے پاس عددی اکثریت ہو گی وہ میئر بنائے گا، ہم اسے نہیں روک سکتے، میئر جس جماعت کا بھی ہو، اختیارات ایک جیسے ہوں گے، ایم کیو ایم کے میئر کو بھی سندھ حکومت کی سپورٹ رہی۔

Back to top button