مینار پاکستان واقعہ، ٹک ٹاکر خاتون کے چونکا دینے والے مطالبات

13 اگست کی شام لاہور کے مینار پاکستان گرائونڈ واقعہ میں مظلوم سمجھی جانے والی ٹک ٹاکر عائشہ اکرام کے کیس نے موڑ لے لیا ہے ، خاتون عائشہ اکرام کی جانب سے ملزموں سے فی کس پانچ لاکھ روپے لینے کی آڈیو کال سامنے آگئی ہے، فون کال کے دوران عائشہ ریمبو سے ملزموں‌ سے پانچ لاکھ نکلوانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سینکڑوں‌ لوگوں کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اس خاتون کی شناخت عائشہ مغل کے نام سے ہوئی اور پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج ہونے کے بعد بڑے پیمارے پر گرفتاریاں ہوئیں۔

عائشہ مغل نے میڈیا اور پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ 14 اگست کے لیے ٹک ٹاک بنانے کے لیے اپنے ساتھی وسیم عرف ریمبو اور ٹیم کے ساتھ مینار پاکستان پر پہنچیں تو ان کو ہجوم نے گھیر لیا اور کپڑے پھاڑ دیے۔پولیس نے 300 سے قریب افراد کو جیو فینسنگ کے ذریعے گرفتار کیا، تاہم شناخت پریڈ کے دوران عائشہ ان میں سے صرف چھ افراد کو شناخت کر سکیں۔

پولیس نے باقی گرفتار افراد کو رہا کر دیا۔ تفتیش کے دوران اس وقت صورت حال یکسر بدل گئی جب عائشہ کی ایک درخواست پر پولیس نے انہی کے دوست ریمبو سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا۔ عائشہ نے پولیس کو اپنے نئے بیان میں بتایا کہ ’ریمبو نامی ان کے دوست نے مینار پاکستان جانے کا منصوبہ بنایا تھا اور اب وہ ان کو ان کی نجی ویڈیوز کا حوالہ دے کر بلیک میل کر رہا ہے۔ڈی آئی جی انوسیٹی گیشن شارق جمال کے مطابق خاتون کے اس نئے بیان پر صورت حال تبدیل ہو گئی ہے اور ان افراد کو گرفتار کر لیا گیا جن پر بلیک میلنگ کا الزام ہے۔

اس بیان کے سامنے آنے کے بعد تفتیش کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو سونپ دی گئی۔ مقدمے کی تفتیش کے دوران کچھ آڈیو ریکارڈنگز بھی منظر عام پر آئیں جن کی وجہ سے کیس مزید بدل گیا۔ایک آڈیو ٹیپ جو عائشہ کی اپنے دوست وسیم عرف ریمبو سے گفتگو سے منسوب ہے، میں سنا جا سکتا ہے کہ دونوں (عائشہ اور ریمبو) پہلے سے گرفتار ملزمان سے پیسے لینے کے حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں۔ اس مبینہ آڈیو میں پہلے ریمبو کی آواز آتی ہے ’مجرم چھ ہیں یا سات‘ تو عائشہ جواب دیتی ہیں، چھ۔پھر ریمبو کی آواز آتی ہے۔ ’فی آدمی کتنے پیسوں کا کہا جائے۔‘ عائشہ کہتی ہیں ’زیادہ تر غریب ہی ہیں، انہوں نے مشکل سے پانچ پانچ لاکھ ہی کرنا ہے۔

جس پر ریمبو کی جانب سے اتفاق کا اظہار کیا جاتا ہے۔لاہور پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اس آڈیو کی تصدیق کی ہے اور اردونیوز کو بتایا کہ ’اس ویڈیو کو فرانزک کے لیے بھجوایا جا رہا ہے۔ اس کے بعد اس کو مقدمے کے چالان کا حصہ بنایا جائے گا۔تفتیش کے دوران پولیس کو ایک اور آڈیو ٹیپ بھی موصول ہوئی جس میں سنا جا سکتا ہے کہ مبینہ طور پر ریمبو عائشہ کو بلیک میل کررہا ہے اور اس کی ویڈیو اور تصاویر پھیلانے کی دھمکی بھی دے رہا ہے۔ اس نئی مبینہ گفتگو میں سنا جا سکتا ہے کہ ریمبو نئے لوگوں کے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے حسد کا اظہار بھی کر رہا ہے۔

سی آئی اے پولیس کے مطابق اس گفتگو کے بعد ہی عائشہ نے ریمبو کے خلاف پولیس کو درخواست دی اور منگل کے روز ریمبو کے تین مزید دوستوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ اب ریمبو اور اس کے گرفتار ساتھیوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
دوسری طرف 13 اگست کو عائشہ کو ہراساں کرنے والے چھ افراد میں سے دو کی ضمانت ہو چکی ہے جبکہ باقی چار جیل میں ہیں۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور شارق جمال کے مطابق پولیس نے سامنے آنے والی نئی آڈیو ٹیپس کو فرانزک کے لیے پنجاب فرانزک ایجنسی کے حوالے کر دیا ہے اور ثبوت کے طور پر مقدمے کے چالان کا حصہ بنایا جائے گا۔

Back to top button