پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 روپے تک اضافہ متوقع

ملک میں 16 اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے کی بجائے 11 روپے کے اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے 16 اکتوبر سے پٹرول 8 روپے، ڈیزل 11 روپے مہنگا ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 دنوں کے دوران 12 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا اور اگلے تین روز تک قیمتوں میں اضافے کا رحجان برقرار رہنے کا امکان ہے۔

پٹرولیم انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز بعد ملک میں پٹرولیم مصنوعات دوبارہ مہنگی ہونے کا امکان ہے۔پٹرولیم انڈسٹری ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ پاکستان میں ڈالر کی قیمت کا بڑھنا بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے سے 8 روپے تک کا اضافہ کیا گیا تھا۔ وزارت خزانہ نے یکم اکتوبر سے تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلامیہ جاری کیا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے ، لائٹ سپیڈ ڈیزل کی قیمت 8 روپے 82 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 5 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔

پٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 127 روپے 30 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 99 روپے 51 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 4 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 99 روپے 31 پیسے مقرر کر دی گئی، یہ قیمتیں 15 اکتوبر تک نافذ العمل رہیں گی۔

Back to top button