نامور اداکارہ کو 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنا دی گئی

بھارت کی عدالت نے معروف بالی وڈ اداکارہ کو ایک پرانے مقدمے میں 6 ماہ قید اور 5 ہزار بھارتی روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست چنئی کی عدالت نے تھیئٹر ملازمین کی درخواست پر ایمپلائیز اسٹیٹ انشورنس (ای ایس آئی) کی رقم ادا نہ کرنے کے الزام پر تھیئٹر کی مالک بالی وڈ اداکارہ جیا پردھا کو سزا سنادی۔عدالت نے اداکارہ کے کاروباری پارٹنر رام کمار اور راجا بابو کو بھی مجرم قرار دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ جیا پرادھا چنئی میں ایک تھیئٹر کی مالک تھی جسے وہ کافی عرصہ قبل فروخت کر چکی ہیں۔تھیئٹر کے ملازمین نے ان کے خلاف گورنمنٹ لیبر انشورنس کارپوریشن میں درخواست داخل کی تھی کہ ان کی تنخواہوں سے ای ایس آئی کی رقم کاٹی جاتی تھی تاہم وہ جمع نہیں کروائی گئی بعد ازاں کارپوریشن نے اداکارہ اور ان کے پارٹنرز کے خلاف عدالت میں مقدمہ درج کروا دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے عدالت میں الزامات قبول کیے اور متاثرین کو جلد رقم ادا کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے عدالت سے کیس ڈسمس کرنے کی اپیل کی تاہم عدالت نے ان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے انہیں 6 ماہ جیل اور جرمانے کی سزا سنادی۔

جیا پردھا 70، 80 اور 90 کی دہائی کی کامیاب اور بااثر اداکاراؤں میں شامل ہیں، انہوں نے بالی وڈ فلم شرابی، مقصد، سنجوگ، آخری راستہ، آج کا ارجن اور اعلان جنگ سمیت کئی کامیاب فلموں میں کام کیا۔

Back to top button