پاکستان نے نارووال میں مندر سے متعلق بھارتی الزامات مسترد کردیے

 

 

 

دفتر خارجہ نے نارووال کے اڈا سراج میں مندر کے حوالے سے بھارتی بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ مندر طوفانی بارش سے متاثر ہوا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ سجاد حیدر خان نے اڈا سراج، ناروال میں ہندو مندر کے بارے میں بھارتی وزارتِ خارجہ کے پریس ریلیز اور میڈیا سوالات پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی الزامات کو قطعی طور پر مسترد کردیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کےمطابق ترجمان نے کہاکہ بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کے برعکس،مندر کے ڈھانچے کو 21 جولائی 2026 کو ہونےوالی موسلادھار بارشوں کے باعث نقصان پہنچا تھا۔واقعے کے فوری بعد مقامی حکام نے بارش سے ہونےوالے نقصان کا جائزہ لیا اور عمارت کی مرمت و بحالی کے اقدامات کا باقاعدہ آغاز کردیا تھا۔

ترجمان سجاد حیدر خان نے کہاکہ یہ انتہائی شرمناک بات ہےکہ بھارت حقائق کو مسخ کررہا ہے اور سستے سیاسی ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔حقائق کی اس طرح عمدًا توڑ مروڑ کا مقصد اقلیتوں پر جاری بھارتی مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔بھارت کا اپنا ریکارڈ اقلیتوں کے منظم استحصال اور مذہبی مقامات پر ریاستی سرپرستی میں ہونےوالے حملوں سے بھرا پڑا ہے۔

 

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ دنیا ہندوتوا نظریے کو اقلیتوں کےخلاف بطور ہتھیار استعمال کیےجانے سے خوب واقف ہے، اس لیے عالمی برادری کو چاہیےکہ وہ مسلم،سکھ اور عیسائی برادریوں کے استحصال پر بھارتی قیادت کا محاسبہ کرے۔

 

 

Back to top button