ندا یاسر اداکاری سے زیادہ میزبانی کو کیوں انجوائے کرتی ہیں؟

معروف اداکارہ و میزبان ندا یاسر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اداکاری کے زیادہ میزبانی سے لطف اندوز ہوتی ہیں، کرکٹ اور سیاست سے متعلق بہت کم معلومات رکھتی ہیں جس کی وجہ سے اپنی بہن سے اکثر مدد لیتی ہیں، ندا یاسر حال ہی میں بہن سپورٹس جرنلسٹ سویرا پاشا کے ہمراہ کامیڈی شو ’’گپ شپ‘‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے مارننگ شوز میں ہونے والی غلطیوں اور ان غلطیوں کی وائرل ہونے والی ویڈیو کلپس سے متعلق بھی کھل کر بات کی۔ندا یاسر نے کہا کہ انہیں اداکاری سے زیادہ میزبانی میں مزہ آتا ہے، تاہم اس باوجود وہ ڈرامے دیکھتی ہیں اور شوبز سے متعلق پوری معلومات رکھتی ہیں، انہوں نے بتایا کہ اداکاری میں بہت زیادہ وقت دینا پڑتا تھا، اب وہ تین بچوں کی ماں بن چکی ہیں، اس لیے ان کے پاس بھی وقت نہیں، وہ جب مارننگ شو کر رہی ہوتی ہیں، تب ان کے بچے سکول گئے ہوتے ہیں، اداکاری ان کا پہلا پیار تھا لیکن شوہر یاسر نواز اس سے بھی پہلا پیار تھے۔انہوں نے بتایا کہ ان کا بچپن جرمنی میں بھی گزرا اور انہوں نے وہاں چار جماعتیں پڑھیں، انہیں جرمن زبان بھی آتی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے جرمن زبان میں بات بھی کی۔ وہ پڑھائی میں اپنی تمام بہنوں سے تیز تھیں اور اب بھی وہ فیشن کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں، جس کے بعد وہ کاروبار سے متعلق چھوٹے کورسز کر کے اپنا فیشن کا کاروبار کریں گی۔ندا یاسر کے مطابق وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ان کی غلطیوں سے کسی کی دل آزاری نہیں ہوتی بلکہ لوگ ان کی وائرل ویڈیوز دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اعتراف کیا کہ انہیں سپورٹس اور خصوصی طور پر کرکٹ اور کرکٹرز سے متعلق زیادہ معلومات نہیں، وہ جب بھی کرکٹرز کو پروگرام میں بلاتیں ہیں تو پہلے اپنی بہن سویرا پاشا سے شخص سے متعلق مکمل معلومات لیتی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ندا یاسر نے بتایا کہ وہ مصباح الحق کو جانتی ہیں، وہ ان سے ملی بھی ہیں لیکن ان سے ان کے متعلق مزید کوئی معلومات نہ پوچھی جائے۔ ندا یاسر نے ایک واقعہ سنایا کہ کئی سال قبل وہ شوہر یاسر نواز کے ہمراہ ایک شو میں مہمان بنیں، جہاں کرکٹر دنیش کنیریا اور ان کی اہلیہ بھی مہمان کے طور پر آئے ہوئے تھے لیکن انہوں نے اور ان کے شوہر نے کرکٹر اور ان کی اہلیہ کو نہیں پہچانا، ان کے مطابق وہ اور ان کے شوہر ایک دوسرے کے ساتھ سسر پسر کرکے پوچھتے رہے کہ یہ کون ہیں لیکن انہیں کچھ یاد نہیں آیا، پھر انہوں نے ہمت کرکے کرکٹر سے پوچھا کہ آپ کون ہیں؟انہوں نے اعتراف کیا کہ مارننگ شوز کرنے کے دوران لاتعداد غلطیاں ہوئیں، جن غلطیوں کی ویڈیوز وائرل ہوئیں، وہ تو چند غلطیاں ہیں اور وہ بہت چھوٹی اور قدرے نئی غلطیاں ہیں۔
