’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ لندن کے سینما گھروں‌ میں ریلیز

معروف جاسوس فلم سیریز ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو 28 ستمبر کو ابتدائی طور پر لندن کے سینماؤں میں ریلیز کردیا گیا ہے ۔ فلم کی سینماؤں میں ریلیز سے قبل ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کا ’رائل البرٹ ہال‘ میں ورلڈ پریمیئر منعقد ہوا جس میں برطانوی شاہی خاندان کے افراد نے بھی شرکت کی۔

ورلڈ پریمیئر کے ریڈ کارپٹ پر فلمی ستاروں کے ساتھ شہزادہ چارلس اپنے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم سمیت شریک ہوئے اور اس موقع پر دونوں کی بیویاں بھی موجود تھیں ۔تقریب کے دوران امریکی گلوکارہ بلی آئلش نے پرفارمنس بھی کی ، انہوں نے فلم میں شامل اپنے گانے پر سر بکھیرے۔ریڈ کارپٹ پر ڈینیئل کریگ، ساتھی اداکارہ لشانا لائنچ، لیا سیڈاؤکس اور فلم میں ولن کا کردار ادا کرنے والے ریمی سمیت دیگر اداکاروں نے بھی شرکت کی۔

شہزادہ چارلس، ان کی اہلیہ اور شہزادہ ولیم سمیت ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے جیمز بانڈ کے جاسوس ڈینیئل کریگ کی اداکاری کی تعریفیں بھی کیں۔نو ٹائم ٹو ڈائے‘ جاسوس کے طور پر ڈینیئل کریگ کی آخری فلم ہے، انہوں نے مسلسل پانچ ’جیمز بانڈ‘ فلموں میں ’007‘ نامی جاسوس کا کردار ادا کیا۔سیریز کی پچیسویں فلم میں لشانا لائنچ نے ان کی ساتھی جاسوسہ ’00‘ کا کردا ادا کیا ہے اور اطلاعات تھیں کہ سیریز کی 26 ویں فلم میں ممکنہ طور پر انہیں مرکزی کردار دیا جائے گا۔

معروف جاسوس فلم سیریز ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو اپریل 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کرونا کی وبا کے باعث اس کی نمائش ملتوی کی گئی تھی بعد ازاں ٹیم نے فلم کو اکتوبر 2020 میں ریلیز کرنے کی اُمید ظاہر کی تھی مگر پھر اسے نومبر 2020 تک مؤخر کیا گیا تھا لیکن نومبر میں بھی اس کی ریلیز نہ ہوسکی تو اسے اپریل 2021 میں ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا مگر وبا کے باعث اس کی نمائش نہ ہوسکی تھی جس کے بعد بلآخر اسے اب ریلیز کردیا گیا۔

Back to top button