ن لیگ تبدیلی کیلئے کسی سازش کا حصہ بنے گی، نہ ڈیل کریں گے

سابق وفاقی وزیر اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن تبدیلی کیلئے کسی سازش کا حصہ بنے گی اور نہ کسی قسم کی کوئی ڈیل کریں گے، ہم انتظار کریں گے کہ موجودہ حکومت کرپشن اور مہنگائی کی وجہ سےخود انجام تک پہنچے۔حکومت نے ملک کو چینی اور آٹا مافیا کی پناہ گاہ بنادیا ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جو لوگ ایوان میں آئیں وہ دھاندلی کی پیداوار نہ ہوں۔ اگر تبدیلی آتی ہے تو کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ہم نہ سازش کریں گے اور نہ ہی ڈیل کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملکی آئین سربلند ہو۔ لیگی رہنما نے کہا کہ میں نے کچھ مہینے پہلے کہا تھا کہ یہ پہلوان خود اپنے بوجھ سے گرے گا۔ وقت بدل رہا ہے، حالات اوورٹیک کر رہے ہیں۔ آج جو میڈیا مہنگائی کے بین ڈال رہا ہے، یہی اس وقت آٹھ آٹھ گھنٹے ان کو دکھاتا تھا۔ تحریک انصاف کو ووٹ دینے والے بھی آج پچھتا رہے ہیں۔ اس وقت عوامی رائے کا فوکس مہنگائی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب دھرنے کی سیاست شروع ہوئی تو ہم نے پوری چھٹی دی کہ جو مرضی کر لیں۔ ہماری حکومت میں تحریک انصاف نے استعفے دئیے، مگر اس کے اراکین تنخواہیں لے رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتداراوردولت کی ہوس ان حکمرانوں کو لے ڈوبے گی۔ اپوزیشن نے حکومت کا کچھ نہیں بگاڑا، یہ حکمران خود اپنے دشمن ہیں۔ یہ حکومت کس کس چیز کی درستگی کرے گی۔ صرف ایک دن میں 143 ارب روپے کا سٹاک ایکسچینج میں نقصان ہوا۔ خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت کو ڈبونے کے تمام لوازمات پورے ہیں۔ اس وقت بحران سے فائدہ اٹھانے والے حکومت میں ہیں، یا اس کے کفیل ہیں۔
خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ چینی بحران سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والے اس حکومت کے کفیل ہیں، ان لوگوں کو موجودہ حکومت کا آرکیٹیکٹ کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی اور ٹیکس کئی گنا بڑھ گئے ہیں، وزیر اعظم نے آٹا اور چینی بحران پر ایف آئی اے کو رپورٹ تیار کرنے کا کہا تھا، وہ رپورٹ جمع کرادی گئی ہے۔ ایوان کو بتایا جائے کہ آٹا اور چینی بحران پر ایف آئی اے نے اپنی رپورٹ میں ذمے داران کے نام بتائے ہیں، وہ کون لوگ ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے فرمودات اسکرین پر چلا کر دکھائے جائیں، جو کہتے تھے کہ جب مہنگائی ہو ٹیکس بڑھ جائیں تب سمجھ لینا کرپشن ہورہی ہے۔
خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ 2014ء میں عمران خان نے کہا تھا کہ بجلی کی قیمت 50 فیصد کم ہوسکتی ہے، ان کی حکومت میں بجلی کی قیمت بھی بڑھی اور کرپشن بھی بڑھ گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں مہنگائی کئی گنا بڑھ چکی ہے، حکومتی بنچز خالی پڑے ہوئے ہیں، آج ایوان میں وزراء کی پوری لائن خالی ہے، یہ حکمران خود اپنے دشمن ہیں۔
سینئر ن لیگی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت نے چینی اور آٹے کے چوروں کے لیے پناہ گاہیں بنادی ہیں، اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ن لیگی ارکان نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا اور مہنگائی کی تحقیقاتی رپورٹ عام کرنے اور پارلیمنٹ میں بحث کے لیے پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ جب مہنگائی اور ٹیکس بڑھے تو سمجھ لو حکومت کرپٹ ہے، مہنگائی کی قیمت 50 فیصد کم ہونے کے بجائے 50 فیصد بڑھ گئی ہے جب کہ عوامی مسائل میں حکومتی سنجیدگی اس قدر ہے کہ حکومتی بنچز خالی پڑے ہیں۔ رہنما (ن) لیگ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جس کو کہتے تھے چپڑاسی نہیں رکھوں گا اسے وزیر بنا دیا، جس کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہا اسے اسپیکر پنجاب اسمبلی بنادیا جبکہ کل پوری جماعت اسپیکر پنجاب اسمبلی کے دروازے کی چوکھٹ پر سجدہ ریز تھی، جب اقتدار ڈولتا ہے تو ایسے ہی چوکھٹوں پر سجدہ ریز ہونا پڑتا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاست میں اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کر سکیں، سیاستدان برادری ایک دوسرے سے انتقام لیتے رہتے ہیں، سیاستدانوں نے ماضی سے سبق حاصل نہیں کیا، جو میں نے گزشتہ سالوں میں کہا اور جو وزیراعظم نے کہا ایوان میں چلائیں تاکہ ممبران کی یاداشت تازہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button