ن لیگ کی سینیٹ ویڈیو اسکینڈل تحقیقات کےلیے الیکشن کمیشن میں درخواست

ن لیگ نے الیکشن کمیشن میں سینیٹ انتخابات میں ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات کےلیے درخواست جمع کروا دی۔
ن لیگ کے وکیل جہانگیر جدون نے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کروائی جس میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک، چئیرمین پیمرا اور ڈی جی ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ جو لوگ ویڈیو اسکینڈل میں ملوث ہیں ان کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی کی جائے۔ بعدازاں مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلم لیگ ن نے مرتضی عباسی کی جانب سے درخواست جمع کروائی ہے جس میں الیکشن کمیشن سے ویڈیو اسیکنڈل کی تحقیقات کرنے کا کہا ہے، پرویز خٹک پر پی ٹی آئی کے ایم پی ایز الزام لگارہے ہیں، اگر الیکشن کے عمل میں کسی نے ووٹ خریدا ہے تو الیکشن کمیشن اس کی تحقیقات کروائے۔ جہانگیر جدون نے کہا کہ حکومت کی بنائی گئی کمیٹی پر ہمیں اعتماد نہیں ہے، ہم نے ڈی جی ایف آئی اے کو بھی فریق بنایا ہے، الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں۔
